علی شیخانی نے کانسٹیبل کے عہدے کا حلف اٹھالیا،ماتحت افسران سے حلف لیا
ہیوسٹن(نمائندہ خصوصی)امریکا میں پہلے نو منتخب پاکستانی نژاد کانسٹیبل علی شیخانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ فورٹ بینڈ کاونٹی آفس میں منعقدہ حلف برداری کی باوقار تقریب میں کاونٹی جج کے پی جارج نے ان سے بطور کانسٹیبل پریسینکٹ تھری کا حلف لیا۔حالیہ امریکی انتخابات میں ہیوسٹن کی فورٹ بینڈ کاونٹی میں پریسینٹ 3 کے کانسٹیبل کا الیکشن جیتنے والے پاکستانی نژاد امریکی علی شیخانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔ تقریب میں اعلی سرکاری حکام سمیت پاکستانی کمیونٹی کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں علی شیخانی نے اپنے محکمہ کے افسران اور اہلکاروں سے اپنے دفتر میں حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے افسران میں پاکستانی نژاد پولیس کیپٹن سعد طارق اور پریسینٹ 3 کاسنٹیبل آفس کے چیف مظفر صدیقی بھی شامل تھے، اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے علی شیخانی کا کہنا تھا کہ فورڈ بینڈ کاونٹی مختلف کمیونٹی کی تہذیب و ثقافت سے مہکتا ایک گلدستہ ہے ۔ پاکستانی سمیت متعدد کمیونٹیز سے تجربہ کار پولیس افسران کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ اس موقع پر کیپٹن کے عہدے پر تعنیات نوجوان افسر سعد طارق کا کہنا تھا کہٗ علی شیخانی سمیت دیگر پاکستانی افسران کا انتخاب پوری کمیونٹی کیلے باعث افتخار ہے۔امریکہ میں پولیس کی نگرانی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے کائونٹی کی سطح پر شیرف دفتر اور کانسٹیبل دفتر کے لئے شہری اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں۔