گورنر کا 15 قیدیوں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
کیرولائنا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے گورنر نے اپنے عہدے کے آخری دن ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 15 قیدیوں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ریاستی عدالتی نظام میں پائے جانے والے ممکنہ تعصبات اور سزائے موت کے استعمال پر بڑھتے ہوئے خدشات کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔گورنر نے کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے اور انسانی حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ سزائے موت کے مقدمات میں اکثر ناقص شواہد، نسلی تعصب، اور وکلاء کی ناکافی کارکردگی جیسے مسائل موجود ہوتے ہیں جو سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔ حقوق انسانی کے کارکنوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے انصاف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے جبکہ ناقدین نے گورنر پر ریاستی قانون اور متاثرین کے اہل خانہ کے جذبات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاست میں سزائے موت کے استعمال پر جاری بحث کو مزید تقویت دے سکتا ہے اور دیگر ریاستوں کے لیے مثال بھی بن سکتا ہے۔