فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کوملنے پرپاک بزنس کمیونٹی کا اظہار مسرت
جدہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان بزنس کمیونٹی جدہ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی خوشی میں شاندار تقریب کا انعقاد ہوا،جس میں سعودی پاکستانی بزنس مین کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔سعودی عرب کو فیفاء2034 کے انعقاد کا اعزاز ملنے پر ساحلی شہر جدہ میں پاکستان بزنس کمیونٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں مختلف مکاتب فکر کے پر جوش پاکستانی اور بڑی تعداد میں مقامی سعودی شریک ہوئے ۔سعودی نوجوانوں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ فیفاء 2034 ء سعودی نوجوانوں،تمام دنیا کے فٹبال شائقین کو اپنی طرف راغب کرتا ہے اورآج کی صورتحال میں یہ سعودی عرب ہی ہے جو اتنا بڑا ٹورنامنٹ کے بہتر انتظامات کرسکتا ہے۔سعودی مقررین نے کہا کہ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں منتظمین کا انہوں نے اتنی شاندار تقریب سجائی اور ہمیں دعوت دی۔تقریب میں خصوصی طور پنجاب کے سابق وزیر صحت اور ہلال احمر پاکستان کے سابقہ چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی نے شرکت کی اور کہا کہ سعودی عرب کی ہرخوشی پاکستان کی خوشی ہے،سعودی عرب سے پاکستان کے رشتے پاکستان کی افرادی قوت،کشمیر پالیسی،ہر قدم پر پاکستان کی معیشت کو سہارہ دینے والے ملک سے ہمارے رشتے روز بروز مضبوط ہورہے ہیں۔تقریب میں سعودی مہمانوں کے ہمراہ خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب کے منتظم عقیل آرائین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ سعودی بھائیوں کی خوشی ہماری خوشی ہے۔ ہم یک جان دوقالب ہیں ۔تقریب کے دوران سعودی مہمان پاکستان اور سعودی عرب کے جھنڈے لہراتے رہے۔