ریاست اوریگون میں 1958 سے لاپتا ایک خاندان کے افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کر لی گئی ہے، جن کی باقیات ایک گاڑی سے دریائے کولمبیا میں ملی تھیں۔
حکام کے مطابق مرنے والوں میں کینتھ مارٹن، باربرا مارٹن اور ان کی بیٹی باربی مارٹن شامل ہیں۔ شیرف آفس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور کسی مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔یہ خاندان دسمبر 1958 میں کرسمس کے لیے درختوں کی شاخیں تلاش کرنے کے دوران لاپتا ہو گیا تھا۔ کچھ ماہ بعد ان کے دو بچوں کی لاشیں مل گئی تھیں، تاہم باقی افراد کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا، جس کے باعث یہ کیس دہائیوں تک ایک معمہ بنا رہا۔حکام کے مطابق 2024 میں ایک غوطہ خور نے کئی سال کی تلاش کے بعد اس خاندان کی گاڑی دریائے کولمبیا سے دریافت کی، جس کے بعد اگلے سال اس کے کچھ حصے نکالے گئے۔ بعد ازاں 2025 میں انسانی باقیات بھی ملیں جنہیں ڈی این اے کے ذریعے خاندان کے افراد سے ملا کر شناخت ممکن بنائی گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی طویل عرصے تک دریا میں رہنے کے باعث مٹی میں دب چکی تھی، تاہم جدید سائنسی طریقوں نے اس تاریخی کیس کو حل کرنے میں مدد فراہم کی، جس سے تقریباً سات دہائیوں پرانا راز بالآخر سامنے آ گیا۔