نیویارک: عرب ثقافتی ورثہ کا دن جوش و خروش سے منایا گیا
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں عرب امریکن لا انفورسمنٹ فریٹرنل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ عرب امریکن ہیریٹیج ڈے منایا گیا۔ تقریب میں عرب ممالک کی ثقافت کا زبردست مظاہرہ کیا گیا اور مختلف شخصیات کو ایوارڈزاور سرٹیفیکیٹس بھی دیے گئے۔
نیویارک پولیس کے ہیڈ کوارٹرز ون پولیس پلازہ میں عرب امریکن لا انفورسمنٹ فریٹرنل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تیسرے سالانہ عرب امریکن ہیریٹیج ڈے کی رنگا رنگ تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے سے کیا گیا اور مسلم چیپلن امام طاہر کوکاج نے دعا بھی کرائی۔ تقریب میں نیویارک پولیس کی کمشنر جیسیکا ٹش سمیت دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔ شرکا سے خطاب میں کمشنر جیسیکا ٹش نےعرب امریکن ثقافتی ورثے کی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں عرب امریکن پولیس افسران کا بھی اہم کردار ہے ۔
تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں شامل نہ صرف عرب بلکہ ساوتھ ایشئن اوردیگر ممالک سمیت مختلف مذاہب اور قومیتوں کے افسران کثیر تعد اد میں شریک ہوئے۔اس موقع پر عرب امریکن لا انفورسمنٹ فریٹرنل ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ عرب تہذیب و ثقافت اپنی منفرد تاریخی اہمیت اور شناخت رکھتی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ دیگر کمیونٹیز کو اپنی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرائیں تقریب میں عرب ممالک کی ثقافت کو خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا، جس میں روایتی موسیقی اور لباس نے شرکاء کو بے حد متاثر کیا۔
تقریب میں شریک حاضرین کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگیوں پر ایک خصوصی ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اور دیگر مقررین نے عرب امریکن کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبوں میں اپنے فرائض انجام دینے والے افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی پیش کیے گئے