شکاگو میں خواتین کو بااختیار بنانے کی تقریب، فنڈ ریزنگ اور فیشن شو کا انعقاد
شکاگو میں قائم غیر منافع بخش تنظیم امپاورنگ ویمن این ایف پی نے اپنی چھٹی سالانہ اسپرنگ گالا اور ثقافتی فیشن شو کی کامیابی سے میزبانی کی، جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ تقریب الینوائے میں منعقد ہوئی، جہاں شرکاء کو “ہائی ٹی” تھیم کے تحت خصوصی لباس پہننے کی ترغیب دی گئی۔تقریب کی نظامت فروا لاکھانی نے کی، جبکہ ماریہ بونیٹا ماڈلنگ اکیڈمی کی ماڈلز نے رنگا رنگ ثقافتی فیشن شو پیش کیا۔ اس موقع پر خاموش نیلامی بھی منعقد کی گئی۔ تقریب میں قونصل جنرل پاکستان زمان مہدی، الینوائے کی سینیٹر لورا مرفی، مین ٹاؤن شپ کی سپروائزر کمبرلی جونز سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے گھریلو تشدد کے متاثرین کی مدد کے لیے تنظیم کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔امپاورنگ ویمن این ایف پی کا مقصد خواتین کو آگاہی، قانونی رہنمائی، ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے گھریلو تشدد کے چکر کو توڑنا ہے۔ تنظیم ڈیجیٹل لرننگ، سلائی، جاب ٹریننگ، لائف کوچنگ اور عارضی رہائش جیسی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ 2020 میں پاکستانی نژاد امریکی عرشیہ حسنین کی جانب سے قائم اس ادارے نے گزشتہ سال تقریباً 6 ہزار افراد کو خدمات فراہم کیں۔تقریب کے دوران بانی عرشیہ حسنین نے اعلان کیا کہ آئندہ سال تنظیم اپنی خدمات کو مزید وسعت دے گی تاکہ زیادہ خواتین کو خودمختار بنایا جا سکے۔ کلیدی مقرر سوزانا مینڈوزا نے متاثر کن خطاب کرتے ہوئے متاثرہ خواتین کی ہمت اور تنظیم کے کردار کو سراہا۔ تقریب کا ایک اہم ہدف 50 ہزار ڈالر اکٹھا کرنا تھا تاکہ پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرامز کے ذریعے خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر ثقافتی فیشن شو پیش کیا گیا، جبکہ ویڈیو پریزنٹیشن کے ذریعے گھریلو تشدد کی سنگینی اور متاثرین کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا گیا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف فنڈز اکٹھے کیے بلکہ کمیونٹی کے اتحاد اور خواتین کی بہتری کے عزم کو بھی مضبوط کیا۔