نیویارک اسٹیٹ کے محکمہ تعلیم کے منصوبے کے خلاف والدین کا شدید احتجاج
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک اسٹیٹ کے محکمہ تعلیم کے لانگ آئی لینڈ کے طلباء کے لیے تعلیمی مواقع کو بڑھانے اور مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے منصوبے کے خلاف والدین نے شدید احتجاج کیا ہے۔
نیویارک اسٹیٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے منصوبے کا مقصد کچھ اسکول اضلاع کے درمیان وسائل کو زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال کرنا اور اخراجات کو کم کرنا ہے۔ اس اقدام میں بعض تعلیمی خدمات یا پالیسیوں کو علاقائی سطح پر منظم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔لیکن محکمہ تعلیم کے اس منصوبے کے خلاف والدین جمعرات کو مینولا میں ایک پریس کانفرنس میں جمع ہوئے، جنہوں نے نئے ریاستی منصوبے کو ڈکیتی سے تشبیہ دینے والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔یہ ردعمل لانگ آئی لینڈ کے اسکول اضلاع کے والدین کی جانب سے آیا، جن کا کہنا ہے کہ انہیں ریاست کے اس نئے اقدام پر اعتراض ہے جو ان کے بچوں کی عوامی تعلیم کے کچھ پہلوؤں کو علاقائی بنا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم سیاست سے آزاد ہونی چاہیے، لیکن ان کے لہجے میں سیاست کی جھلک واضح تھی۔ والدین کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ اس منصوبے کے تحت وسائل کو مضافاتی اسکولوں سے کم مراعات یافتہ اضلاع کی طرف منتقل کیا جا سکتا ہے۔ ریاست کے محکمہ تعلیم کے حکام نے اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے ان کی توجہ مساوات پر مرکوز کی ہے اور کہا ہے کہ تمام طلبا کو، چاہے وہ کسی بھی علاقے میں رہتے ہوں، معیاری تعلیم اور مواقع تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔