ہیٹی میں امریکی ایئرلائن کے طیارے پر فائرنگ، فلائٹ اٹینڈنٹ زخمی
کیریبیئن ملک ہیٹی میں امریکی ایئرلائن سپرٹ کے ایک طیارے پر لینڈنگ کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک فلائٹ اٹینڈنٹ زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ پیر کو ہیٹی کے ٹوسینٹ لوورچر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا۔طیارے میں عملے سمیت 48 مسافر موجود تھے اور یہ امریکی ریاست فلوریڈا سے سانتیاگو جا رہا تھا۔ فائرنگ کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کا رخ ڈومینیکن ریپبلک کی جانب موڑ دیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد کئی ایئرلائنز نے ہیٹی کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دیں۔پورٹ او پرنس میں کشیدگی کا ماحول اس وقت اور بڑھ گیا جب ہیٹی کے نئے وزیر اعظم کے طور پر ایلکس ڈیڈیر فلز کی تقرری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ دو دن قبل گیری کونیل کی جگہ انہیں یہ عہدہ دیا گیا تھا، جس کے خلاف عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور شہر کو بند کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، ایک مقامی گینگ لیڈر نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی دھمکی بھی دی تھی۔