نیویارک آمد پر مذہبی اسکالر انیق احمد کے اعزاز میں استقبالیہ
نیویارک(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت راجہ ساجد نے معروف مذہبی سکالر انیق احمد کے اعزاز میں پرتکلف استقبالیے کا اہتمام کیا۔پروقار تقریب کا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں نعت رسول پاکؐ سے پیش کی گئی۔استقبالیے تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی،سماجی و کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکت پر میزبان راجہ ساجد نے نیویارک کے دورے پر آئے انیق احمد اور مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم اور اظہارِ تشکر کیا، اس موقع پر مہمان خصوصی مذہبی اسکالر عنیق احمد نے کمیونٹی سے دینی مسائل کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انھوں نے اپنے والہانہ استقبال پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا، حاضرین سے خطاب میں کہا کہ ایک مسلمان جو مسلمان ریاست میں رہتا ہے اور ایک مسلمان جو غیر مسلم ریاست میں مقیم ہے، دونوں کی ذمے داریوں میں بہت فرق ہے۔ امریکا سے بھی اتنی ہی محبت کریں، جتنی پاکستان سے کرتے ہیں۔تقریب میں امریکا میں جاری الیکشن کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ میزبان راجہ ساجد نے کمیونٹی کو امریکی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔ اس تقریب میں کمیونٹی کی شرکت سے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے اور گپ شپ لگانے کا بھی موقع مل گیا۔ تقریب کے آخر میں راجہ ساجد نے تمام مہمانوں کا شرکت پر شکریہ ادا کیا۔