نیوجرسی میں رحیم شاہ نے جگایا اپنی آواز کا جادو،نوجوانوں کا روایتی رقص
کنگز پیلس میں فینز نائٹ انٹرٹینمنٹ کے زیرِ اہتمام مشہور گلوکار رحیم شاہ کے اعزاز میں ایک شاندار میوزیکل نائٹ کا انعقاد ہوا،رحیم شاہ کو سننے کے لیے شائقین اتنی تعداد میں امڈ آئے کہ نشستیں بھی کم پڑ گئیں۔تقریب کے منتظمین شہزاد انور اور سنبل جہانگیر نے اپنے مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
نیوجرسی(بیورو رپورٹ)نیویارک کے بعد رحیم شاہ کی نیوجرسی میں دمدار انٹری ہوئی اور نیو جرسی میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں معروف گلوکار نے اپنی آواز کا جادو جگا کر سماں باندھ دیا۔رحیم شاہ نے اپنی مشہور گائیکی سے سامعین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔نیو جرسی میں دیسی کھانوں کے بہترین مرکز کنگز پیلس میں فینز نائٹ انٹرٹینمنٹ کے زیرِ اہتمام مشہور گلوکار رحیم شاہ کے اعزاز میں ایک شاندار میوزیکل نائٹ کا انعقاد ہوا۔رحیم شاہ کو سننے کے لیے شائقین بڑی تعداد میں اُمڈ آئے اور نشستیں کم پڑ گئیں۔ تقریب کے منتظمین شہزاد انور اور سنبل جہانگیر نے اپنے مہمان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
میوزیکل نائٹ کے آغاز پر جب رحیم شاہ نے ملی نغمہ سوہنی دھرتی گانا شروع کیا تو شائقین بھی ہم آواز ہوگئے۔رحیم شاہ نے اپنی گائیکی کے ساتھ ساتھ حاضرین کے ساتھ ہلکی پھلکی گفتگو بھی کی۔جب رحیم شاہ نے اپنے مشہور گیت "بی بی شیرینی” کا آغاز کیا تو شائقین کے دل خوشی سے جھوم اُٹھے۔رحیم شاہ نے جب اپنا گانا پہلے تو کبھی کبھی غم تھا سنایا تو حاضرین داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔رنگا رنگ میوزیکل نائٹ میں رحیم شاہ کی گائیکی نے ایسا سماں باندھا کہ منچلے جھوم اٹھے۔اس موقع پر نیوجرسی میں پاکستانی پولٹیکل ایکٹوسٹ اور معروف نوجوان حنان ارشد نے نیو جرسی کی اسمبلی وومن شمع حیدر کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ وہ پہلی پاکستانی امریکن خاتون ہیں جنہوں نے اسمبلی وومن منتخب ہوکر تاریخ رقم کی ہے۔شمع حیدر نے منتظمین کو شو کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور حاضرین کے ساتھ رحیم شاہ کی گائیکی سے لطف اندوز ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہ صرف پہلی پاکستانی امریکن بلکہ پہلی مسلم اسمبلی وومن منتخب ہونے کا عزاز بھی حاصل ہے،انہوں نے5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں شرکاء سے ووٹ کاسٹ کرنے کی بھی درخواست کی۔میوزیکل نائٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین شہزاد انور اور سنبل جہانگیر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس شام کی کامیابی کو اپنے مہمانوں کے نام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے لیے مزید پروگرامز کا انعقاد خواہش ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی کو تفریح کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔رحیم شاہ کے ساتھ منعقدہ محفل میں ان کے پشتو فینز بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔گلوکار نے پشتو گانے بھی سنائے، جس پر حاضرین نے خوشی سے تالیاں بجائیں اور ساتھ روایتی رقص بھی کیا۔رحیم شاہ نے حاضرین کی فرمائش پر اپنے متعدد مقبول گانے جیسے "چنہ وے چنہ” سنائے اور تقریب کو یادگار بنا دیا۔تقریب کے آخری لمحات میں رحیم شاہ نے ماں مجھ کو جھلاؤ نہ جھولا گا کر محفل کو چار چاند لگا دئیے۔اس موقع پر مقامی گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔رحیم شاہ کے سُروں کی شام کو نیو جرسی میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور انداز میں انجوائے کیا اور منتظمین نے اگلے پروگرامز کا وعدہ بھی کیا۔ سامعین کا کہنا تھا کہ ایسی محفل کمیونٹی کی تفریح کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔