vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک پولیس ہیڈکوارٹر میں پہلی بار دیوالی کا تہوار

0

ون پولیس پلازہ میں دیوالی کا تہوار جوش خروش سے منایا گیا، پولیس کمشنر تھامس ڈونلن اور فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیہ کنسیلا نے دیگر کے ساتھ مل کر دیوالی کی پوجا اور بھجن میں حصہ لیا

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پہلی بار دیوالی کا تہوار انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پولیس ہیڈکوارٹرز میں ہر سو پھیلی دیوالی کی رونقیں سب کے چہروں پر خوشیاں لے آئی۔این وائے پی ڈی کی انڈین  آفیسرز سوسائٹی اور دیسی سوسائٹی نے ون پولیس پلازہ میں دیوالی کی تقریب سجائی۔پولیس کمشنر تھامس ڈونلن  اور فرسٹ ڈپٹی کمشنر تانیہ کنسیلا نے سب کے  ساتھ مل کر دیوالی کی پوجا اور بھجن میں حصہ لیا۔

تقریب میں پولیس افسران اور ان کے اہلخانہ بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔شرکاٗء سے خطاب میں پولیس کمشنر تھامس ڈونلن اور فرسٹ   ڈپٹی کمشنر تانیہ کنسیلا  نے حاضرین کو دیوالی کی مبارکباد دی،ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کی یہ روشنیاں محبت،امن اور خوشیوں کا پیغام ہیں۔اس موقع پر انڈین کمیونٹی کے نوجوانوں پر مشتمل ڈانسنگ گروپ نے رقص کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔تقریب میں سب سے منفرد بات یہ دیکھنے میں آئی کہ ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہندو کمیونٹی کے ساتھ مسلمان افسران نے بھی نہ صرف شرکت کی بلکہ کھانے کے اسٹالز پر میزبانی اور مہمان نوازی کرتے بھی دکھائی دئیے۔اس موقع پر اسمبلی وومن جینیفر راج کمار کا کہنا تھا کہ دیوالی تاریکی پر روشنی کی فتح  اور خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔تقریب میں انڈین کمیونٹی کے ڈپٹی انسپکٹر شبھو مدھو اور ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن ساچی سنگھ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔انڈین کمیونٹی کے افسران کا کہنا تھا کہ تہذیب و ثقافت کاظاہری فرق دراصل مختلف رنگوں کی خوبصورتی ہے جو ایک دوسرے کو  آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔دیوالی کی تقریب میں شریک مہمانوں کی مختلف انواع و اقسام کے ویجیٹرین کھانوں سے تواضع کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.