استاد راحت فتح علی خان کا ڈیلس میں ہاؤس فُل شو
راحت فتح علی خان کے بیٹے شاہ زمان نے بہترین پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے
حبا انٹرٹینمنٹ اگلا شو سنجے دت کے ساتھ کرے گی، ناصر صدیقی
ٹیکساس(بیورو رپورٹ)ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں حِبا انٹرٹینمنٹ کے تحت پاکستانی عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کا کامیاب شو ہوا جس میں راحت فتح علی خان کے بیٹے شاہ زمان علی خان نے بہترین پرفارمنس کے ذریعے حاضرین کے دل جیت لئے۔ گلوکاروں کی دو گھنٹے تک جاری رہنے والی نان اسٹاپ پرفارمنس نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ٹویوٹا میوزک فیکٹری ہال شرکا سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ شائقین کی ایک بڑی تعداد ہاوس فل ہونے کے سبب اپنے پسندیدہ گلوکار راحت فتح علی خان کی لائیو پرفارمنس دیکھنے سے محروم رہی۔ شو ہاوس فل ہونے کے سبب ٹکٹس کی فروخت دو روز قبل ہی بند کر دی گئی تھی تاہم شائقین عین وقت پر ٹکٹس کے حصول کے لئے کوششیں کرتے رہے مگر ناکام رہے۔راحت فتح علی خان کی شاندار پرفارمنس کے دوران شرکا جھومتے رہے جبکہ انکے بیٹے شاہ زمان علی خان کی ڈیلس میں ہونے والی اس پہلی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا۔ شرکا کا کہنا تھا شاہ زمان علی خان کی منفرد آواز مستقبل میں میں استاد نصرت فتح علی خان کی میراث کو مزید آگے لے جائے گی۔شرکا نے کامیاب شو کے انعقاد پر ناصر صدیقی حِبا انٹرٹینمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناصر صدیقی اور انکی ٹیم نے ہمیشہ ڈیلس کے دیسیوں کے لئے بہترین شوز کئے ہیں جبکہ راحت فتح علی خان کے اس شو نے ہمیشہ کی طرح لوگوں کے دل جیت لئے ہیں جس پر وہ حبا انٹرٹینمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر حبا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں ناصر صدیقی نے وائس آف ساوتھ ایشیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلس کے لوگوں کا ان پر اعتماد ان کا کُل سرمایہ ہے اور اس شو کو کامیاب بنانے پر وہ ڈیلس کے باسیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ڈیلس کے لئے ایسے ہی مزید شوز لیکر آ رہے ہیں جن میں بالی ووڈ اسٹار سنجے دت کا شو عنقریب ڈیلس میں منعقد کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر حِبا انٹرٹینمنٹ کے ترجمان کمال صدیقی نے بھی شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیلس والوں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہم پر ہمیشہ اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا شو ہاوس فل تھا اور تمام ٹکٹس دو روز پہلے ہی فروخت ہو چکی تھیں، عین وقت تک لوگوں کی کالز ٹکٹس کے لئے انہیں موصول ہوتی رہیں۔ انہوں نے ان تمام شائقین سے بھی معذرت کی جو ہاوس فل ہونے کے سبب شو کی ٹکٹس سے محروم رہ گئے۔ انہوں نے کہا عوام کی پسندیدگی کو دیکھتے ہوئے جلد راحت فتح علی خان کو دوبارہ ڈیلس لائیں گے اور آئندہ گنجائش بھی زیادہ رکھی جائے گی۔شرکا نے وائس آف ساوتھ ایشیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ناصر صدیقی اور حِبا انٹرٹینمنٹ کا کامیاب شو پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ایونٹ کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی موسیقی کی دنیا میں راحت فتح علی خان کی حیثیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔