vosa.tv
Voice of South Asia!

 ٹائمز اسکوائر  پر دیوالی کا شاندار جشن

0

نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیو یارک کے علاقے ٹائمز اسکوائر پر نیویارک پولیس کے سیریمونیئل یونٹ کے زیر اہتمام دیوالی کا نواں سالانہ جشن شاندار انداز میں منایا گیا۔ ٹائمز اسکوائر پر دیوالی کی یہ تقریب نیو یارک سٹی میں مختلف ثقافتی روایات کے فروغ کی علامت بن چکی ہے۔تقریب کے آغاز سے قبل نیویارک پولیس کے سیریمونیئل یونٹ نے براڈوے کی 48 اسٹریٹ سے 47 اسٹریٹ تک مارچ کیا، جس میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے افراد  بھی شریک ہوئے۔تقریب میں روایتی طور پر ڈھول کی تھاپ پر مختلف دھنیں پیش کی گئیں۔تقریب کی ایک خاص بات ٹائمز اسکوائر پر دیوالی کا کاؤنٹ ڈاؤن تھا، جس کے دوران بال ڈراپ کی جگہ پر "ہیپی دیوالی” کا ڈسپلے کیا گیا۔تقریب کا آغاز رسمی طور پر چراغ روشن کرنے سے ہوا، جو دیوالی کے تہوار کا پس منظر تھا،جس  کا مقصد "ٹرائمف آف گڈنیس” یعنی نیکی کی فتح کی علامت کے طور پر روشنی کرنا تھا۔ اس موقع پر نیو یارک کے مشہور ٹاور پر روشنیوں کی جھلملاہٹ نے پورے علاقے کو منور کر دیا۔تقریب میں نیویارک کے اعلیٰ حکومتی عہدیداران کی شرکت نے اس کو مزید اہمیت بخشی۔ سینیٹر چک شومر، نیویارک سٹی کے میئر ایریک ایڈمز، نیو یارک پولیس کمشنر، اور کوئینز سے کانگریس وومن جینیفر راج کمار نے شرکت کر کے دیوالی کے تہوار کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مختلف برادریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب میں شریک نیویارک پولیس کے افسران نے بھی ہندو برادری کے تہوار دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔دیوالی کی اس سالانہ تقریب نے ایک بار پھر مختلف قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، جہاں انہوں نے مل کر محبت، امن، اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.