vosa.tv
Voice of South Asia!

قومی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں تنزلی کی وجہ ٹیم میں احتساب کا نہ ہونا ہے، احمد شہزاد

0

ٹیکساس(نمائندہ خصوصی)معروف پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئی ہے جس کی وجہ ٹیم سلیکشن میں ہونے والی ناانصافیاں ہیں اور احتساب کا فقدان ہے،، یہ بات انہوں نے دینی تعلیم فراہم کرنے والی امریکہ کی  سب سے بڑی درسگاہ دار العلوم کے زیر اہتمام ہیوسٹن میں عطیات جمع کرنے کی تقریب کے دوران پاکستانی امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رؤف بھی  موجود تھے۔دینی تعلیم فراہم کرنے والی امریکہ کی  سب سے بڑی درسگاہ دار العلوم نیویارک کی جانب سے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں عطیات جمع کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مخیر حضرات نے شرکت کی،اس موقع پر دار العلوم کے سربراہ شفیق خان نے ادارے کی مالی مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوے قومی کرکٹرز کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان کے طویل سفر کے باوجود  ائیرپورٹ سے براہ راست تقریب میں پہنچے تھے،، قومی کھلاڑیوں نے امریکی پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ دار العلوم نیویارک کی بھرپور مالی مدد کریں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مایہ ناز کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں تنزلی کی ایک وجہ ٹیم میں احتساب کا نہ ہونا بھی ہے  چیرمین کرکٹ بورڈ نے جو وعدے کئے اور جس سرجری کی بات کی وہ تاحال نہ ہوسکی۔قومی ٹیم کیلئے نئے کپتان سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنے کے لائق کوئی ویژن رکھنے والا لیڈر نظر نہیں آتا کیونکہ کرکٹ بورڈ نے کوئی لیڈر تیار ہی نہیں کیا۔اس موقع پر فاسٹ باولر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے شارٹ فارمٹ میں لائن لینتھ سے زیادہ توجہ مہارت پر  ہوتی ہے۔تقریب میں دینی درسگاہ کے لئے امریکی پاکستانی شہریوں نے دل کھول کر عطیات دئیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.