نیو یارک قونصلیٹ میں خصوصی پروگرام کا انعقاد،وزیردفاع خواجہ آصف کی شرکت
نیویارک(ویب ڈیسک)پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں، اگر ملک میں ایمانداری اور وطن عزیز کے ساتھ سچی محبت ہو تی تو ملک بینک رپٹ کے دہانے تک نہ پہنچتا، وہ نیو یارک میں موجودپاکستان قونصلیٹ میں منعقدہ پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستان قونصلیٹ نیو یارک میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور ان کے مسائل اور ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنا تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ بھی پیش کی گئی۔ تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں، اگر ملک میں ایمانداری اور وطن عزیز کے ساتھ سچی محبت ہو تی تو ملک بینک رپٹ کے دہانے تک نہ پہنچتا۔وزیر دفاع نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔تقریب میں حکومت پاکستان کے وفاقی ادارہ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر خالد اعوان اور مسلم لیگ (ن) امریکہ کے صدر روحیل ڈار بھی شریک تھے، جنہوں نے کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات، سفارتی خدمات کی بہتری، اور قونصلر خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس اہم ملاقات کو سراہا اور قونصلیٹ کے عملے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم ملاقات کے لیے موقع فراہم کیا۔