جشن آزادی کے رنگ پاکستانی سوِک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ کے سنگ
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی اہلخانہ کے ہمراہ کثیر تعداد میں شریک ہوئی، امریکااور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے، معروف ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر انعام الحق اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر فاخرہ حق کو خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستانی سوِک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ نے پاکستان کا ستتر واں جشنِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منایا۔ رچمنڈ میں واقع اسنب ہاربر کلچرل سینٹر میں پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی کے جشن کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنی اپنی فیملیز کے ہمراہ کثیر تعداد میں شریک ہوئی ۔روایتی طور پر ابتداء میں امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے تو بچوں نے دونوں ممالک کے پرچم لہرائے۔ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری سعدیہ ملک نے پریذیڈنٹ ڈاکٹر خالد کا تعارف پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تہذیب یافتہ قوم ہیں اورہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ اپنی کمیونٹی کو آگے لے کر آئیں.
یومِ آزادی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی اسمال بزنس اوونرز خواتین نے دیدہ زیب مشرقی ملبوسات اور جیولری کے اسٹالز لگائے۔اس موقع پر سانحہ نائن الیون اور قیام ِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی یاد میں چند لمحات کی خاموشی اختیار کی گئی۔یومِ آزادی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے تعلیم،صحت،کاروبار کے شعبوں سمیت تہذیب و ثقافت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار اداکیا ہے ۔یومِ آزادی کی تقریب میں بچوں کے لیے بھی خوب تفریحی کا ساماں تھا، جمپنگ کیسل دیکھ کر تو بچوں کی موجیں ہوگئیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر مظہر نے معروف ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر انعام الحق اور ماہرِ تعلیم ڈاکٹر فاخرہ حق کو ان کی خدمات پر ایوارڈ دیا اور گلدستہ پیش کیا۔تقرب کے شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر انعام الحق نے کمیونٹی کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مظہر اور ڈکٹر خالد میرے لیے بڑے بھائی کی حیثیت رکھتے ہیں،ایسوسی ایشن نے سب کو اکھٹا ہونے کا موقع فراہم کیا۔پاکستان کے جشنِ آزادی کے دوران موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔مقامی گلوکار نے دل دل پاکستان سنا کر شرکاء کا لہو گرمایا۔تقریب میں شریک فریش کلز پارک کے ایڈمنسٹریٹر مارک مرفی نے اپنے زندگی کے کچھ تجربات بیان کیے۔پاکستانی ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔اس موقع پر موسیقاروں کے گروپ نے مختلف وائلن کے تار چھیڑ کر خوبصورت دُھنیں حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیں۔پاکستانی سوک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب میں مختلف محکموں اور شعبہ جات سے وابستہ پاکستانی امریکن پروفیشنلز بھی شریک ہوئے۔ نیویارک سٹی کے میئرایرک ایڈمز کے سینئر ایڈوائزر احسن چغتائی نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آگے بڑھنے کی لگن و جستجو اور دل سے محنت کی جائے تو کامیابی ضرور مقدربنتی ہے ۔اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صد رڈاکٹر خالد نے نیویارک پولیس میں تعینات پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر اور مسلم آفیسرز سوسائٹی کے صدر عدیل رانا کو کمیونٹی کا فخر قرار دیا جبکہ شرکاء سے خطاب میں انسپکٹر عدیل رانا کا کہنا تھا کہ لیڈر شپ کی زمہ داری ہے کہ کمیونٹیز کے درمیان باہمی تعلقات کو فروغ دیں۔یومِ آزادی کی تقریب میں کونسل وومن کمیلا ہینکس بھی شریک ہوئی اور ایسو سی ایشن کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبہ جات میں پاکستانی پروفیشنلز کی موجودگی ایسو سی ایشن کے بنیادی کردار کی دلیل ہے۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پولیس چیف جوزف گلوٹا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے ہر شعبے کی طرح پولیس میں بھی اہم عہدوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔جشنِ آزادی کی تقریب کے شرکاء کے لیے مزے مزے کے مختلف پکوان سے مزین بوفے بھی سجایا گیا تھا،قبل ازیں اسٹیٹن آئی لینڈ کے ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیکل مک مہن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پروفیشنلز کا ساتھ کافی پرانا تعلق ہے اور اس تقریب میں شرکت باعثِ اعزاز ہے۔اس موقع پر نوجوان مقامی گلوکارہ نے بھی اپنی آواز کا جادو جگاکر سحر طاری کردیا۔یومِ آزادی کی مناسبت سے خوبصورت کیک بھی تیار کروایا گیاتھا، اس سے قبل امریکی آفیشلز نے حاضرین سے خطاب میں انھیں یومِ آزادی کی مبارکباد دی،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی نے شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، سٹیزن شپ، پاسپورٹ کے اجراء اور ٹیکس ریٹرن کے مسائل کے حل کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔تقریب کے اختتام سے قبل موسیقی کی محفل سجی تو حاضرین اپنے پسندیدہ گیت سن کر جھوم اٹھے۔آخر میں نیویارک کے گورنر آفس کی طرف سے پاکستانی سوک ایسو سی ایشن آف اسٹیٹن آئی لینڈ کو تعریفی سند پیش کی گئی جبکہ تقریب میں شریک دیگر نمایاں شخصیات کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔