مسجد سے نکلنے والے نمازیوں سے چھینا جھپٹی معمول بن گئی
نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک کے نمازی ڈکیتوں کے نشانے پر آگئے۔ ملزموں کی گرفتاری پولیس کے لیے کڑا امتحان بن گئی۔ پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے عوام سے مدد طلب کی ہے۔نیویارک کے علاقے کوئنز میں پولیس کو ڈکیتیوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جس میں مسجد سے نکلنے والے نمازیوں کو ڈکیتوں کی جانب سے لوٹ مار کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، ایک کے بعد ایک واردات نے شہریوں کو ہراساں اور پولیس کو پریشان کردیا ہے، ایک ہی دن اٹھارہ اگست کو 102 اور 106 پولیس پریسنکٹ کی حدود میں تین ڈکیتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ڈکیتی کا پہلا واقعہ اتوار 18 اگست 2024 کو 106 پریسنکٹ کی حدود میں پیش آیا۔ جہاں دو نامعلوم افراد نے 61 سالہ شخص سے اسلحہ کی بنیاد پر رقم چھینی۔ دوسرا واقعہ اسی دن102 پریسنکٹ کی حدود میں پیش آیا جہاں 66 سالہ شخص سے بھی اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی گئی، ڈکیتی کا تیسرا واقعہ دوسرے واقعے سے قریبا پینتالیس منٹ کے بعد اسی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے 48 سالہ شخص سے لوٹ مار کی کوشش کی اور اسے اسلحے کے وار سے زخمی بھی کردیا۔ متاثرہ شخص کو جمیکا اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ ملزم کی گرفتاری پولیس کے لیے کڑا چیلنج بن گئی ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ چیف ڈیٹکٹیو بیورو جیسن اے ساوینو نے واقعات کی تفصیل بتاتے ہوئے ملزموں کی شناخت کے لیے عوام سے مدد طلب کرلی ہے۔ مطلوبہ افراد کی جاری کردہ تصاویرمحکمہ پولیس کے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔