پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کی نیوجرسی میں پکنک،اہلخانہ نے خوب کیا ہلہ گلہ
نیویارک(بیورو رپورٹ)امریکامیں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا نے نیوجرسی میں پکنک منائی جو فیسٹول کی شکل اختیار کر گئی۔کرکٹ سمیت پتنگ بازی اور مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔فاتح ٹیموں کو ٹرافی اور میڈل سے نوازا گیا۔ پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسینٹ آف نارتھ امریکا کے زیر اہتمام نیوجرسی میں پرنسٹن کنٹری کلب میں سالانہ پکنک منعقد ہوئی ،اپنا کے ارکان فیملی کے ہمراہ کھنچے چلے آئے،شرکاء کو مزید دار اور گرما گرم حلوہ پوری سے ناشتہ کروایا گیا۔پکنک کے دوران نیوجرسی نارتھ اور نیوجرسی ساوتھ کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کا مقابلہ ہوا تو نارتھ جرسی ٹیم کےکپتان ڈاکٹر زبیر نے ٹاس جیت کر اچھے موسم کو دیکھتے ہوئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مدثر صفدر نے کمنٹر ی کے فرائض انجام دئیے۔پکنک کا موقع ہو اور بچوں کے لیے آئس کریم، جمپنگ کیسل، جھولے نہ ہو یہ تو ممکن نہیں۔فیس پینٹنگ نے ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیری تو پکنک میں گویا میلے کا سا سماں بن گیا۔دوسری جانب کھیلے گئے کرکٹ میچ میں چھکے چوکے لگے اور وکٹیں بھی گریں،جوابی ہدف کے تعاقب میں نیوجرسی ساوتھ کی ٹیم نے میچ باآسانی اپنے نام کرلیا۔فاتح ٹیم نیوجرسی ساوتھ کے کپتان کامران خان نے اپنی جیت کو کمیونٹی کے نام کیا۔ان کا کہنا تھا ڈاکٹر زبیر نے انھیں جتینے کا موقع دیا جبکہ نیوجرسی نارتھ کے کپتان ڈاکٹر زبیر کا کہنا تھا کہ اپنا نیوجرسی کی صدر ڈاکٹر عرفانہ خان کی کاوشوں کو سراہا۔کنٹری کلب میں دیدہ زیب ملبوسات اور مختلف موضوعات کی کتابوں کے اسٹالز بھی سجے ،شرکاء کے لیے ظہرانے میں لائیو باربی کیو کا اہتمام ہوا۔سب ایک چھت تلے جمع ہوئے اور لذیذو ذائقہ دار بار بی کیو سے لطف اندوز ہوئے،اس دوران پتنگ بازی کا بھی مقابلہ ہوا اور آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا۔اپنا نیوجرسی کی صدر ڈاکٹر عرفانہ خان کا کہنا تھا کہ ہماری کمیونٹی متحد اور ہم وطنوں کی ہمہ وقت مدد کے لیے تیار بھی ہے ۔اس موقع نیوجرسی نارتھ اور نیوجرسی ساوتھ کے بچے بچیوں اور خواتین و مردوں پر مشتمل ایلڈر کٹیگری کی ٹیموں کے درمیان 100 میٹر کی دوڑ کے مقابلے ہوئے اور ساکر کا میچ ہوا۔اس دوران نیوجرسی نارتھ اور نیوجرسی ساوتھ کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ بھی خاصا دلچسپ رہا۔آخر میں فاتح کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے گئے۔اپنا کی تاریخ کی سب سے بڑی پکنک پر کرکٹ میچ کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی گئیں جبکہ ڈاکٹر اویس مسعود کو 50 رن بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔