ناساؤ کاؤنٹی کی100سالہ تاریخ میں پہلی بار حسین ڈے کا انعقاد
نیویارک(بیورو رپورٹ)ناساؤ کاؤنٹی کے آفس آف ایشین امریکن افیئرز نے کاؤنٹی کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار حُسین ڈے منایا، جس میں شیعہ و سنی دونوں مکاتبِ فکر کے اسلامک سینٹر کے نمائندے شریک ہوئے۔ناساؤ کاؤنٹی کے ہیڈ آفس میں واقع لیجس لیٹیو اینڈ ایگزیکٹیو بلڈنگ کے خوبصورت حال میں منعقدہ حسین ڈے کا آغاز تلاوتِ کلا مِ پاک سے کیا گیا۔حسین ڈے کی باوقار تقریب کی نظامت کے فرائض آفس آف ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے انجام دیے اور انتہائی خوبصورتی و اختصار کے ساتھ واقعہ کربلا کا خلاصہ پیش کیا۔اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی پولیس کے دستوں نے کلرگارڈ پیش کیا اور اس کے بعد امریکا کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے المہدی سینٹر کے پریذیڈنٹ المہدی سینٹر حسنین عزیز اور خطیبِ اہلبیت مفتی سجاد مدنی نے امام حسین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور امام ِ عالی مقام کی زندگی کو انسانیت کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔تقریب سے کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائرز اکرم چودھری،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی،گلوبل حُسینی مشن کے چیئرمین سید محسن شاہ،امریکن مسلم آف نیویارک کے پریذنڈٹ اعجاز بخاری، سماجی شخصیت سعید حسن ،مسجدِ دارالقران کے صدر فواد خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ان کا کہنا تھاواقعہ کربلا باطل کے مقابلے میں حق اور ظالم کے مقابلے میں مظلوم کا ساتھ دینے کا پیغام دیتا ہے ۔اس موقع پر نیویارک کے معروف نعت خوانوں کو نواسہِ رسول حضرت امام حسین کو خراج عقیدت پیش کیا جس نے سب کے دل موہ لیے ۔حسین ڈے کے اختتام پرعون نقوی نے تمام مہمانوں کا شکریہ اد اکیا جبکہ آفس آف ایشئن امریکن افیئرز کی طرف سے شرکاء کے لیے نذرِ امام حسین کا بھرپور اہتمام کیا گیا۔۔۔ ۔