پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر دلاور بیگ اور خاور بیگ کے بھائی سہیل بیگ کی سیالکوٹ میں گرفتاری
نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت خاور بیگ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور عمران خان سے محبت کرنا کوئی جُرم نہیں،یہ بات انھوں نےسیالکوٹ میں اپنے بھائی کی گرفتاری کے بعد نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کمیٹی کے شریک چیئرمین اورکاروباری و سماجی شخصیت مرزا خاوربیگ نے نیویارک میں اپنے دوستوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستان کا اثاثہ ہیں،امریکا میں ہمیشہ پاکستان کا پرچم بلند کیا لیکن گزشتہ شب سیالکوٹ میں میرے بھائی کو پولیس گھر گرفتار کرکے لے گئی،میرے بھائی کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں۔خاور بیگ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کا وقار بلند کیا،اس بار بھی پاکستان ڈے پریڈ میں پی ٹی آئی کا فلوٹ نکالا اور اس پر ایشو بن گیا، ہر شخص کو یہ آزادی حاصل ہونی چاہیے کہ وہ جس بھی سیاسی پارٹی کو چاہیے پسند کرے،سیاسی اختلافات کو انتقام کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ پریس کانفرنس میں پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز اسد چودھری کا کہنا تھا کہ امریکا میں ہماری پہچان بطور کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ صرف پاکستانی ہونی چاہیے۔پریس کانفرنس میں کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت پرویز ریاض، ضمیر چودھری ، نوید وڑائچ ، سید وسیم و دیگر بھی شریک تھے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہم محبِ وطن پاکستانی ہیں۔اوور سیز کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو ان کے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کمیٹی کے شریک چیئرمین مرزاخاور بیگ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہِ کشمیر ہویا سیلاب کی صورتحال ہم نے ہر فورم پر ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھا،حالیہ وفد کے دورے کے دوران بھی یہی کوشش کہ تعلیم و صحت کے شعبے میں بہتری لائی جائے۔