vosa.tv
Voice of South Asia!

لانگ آئی لینڈ میں جشن آزادی میلہ،ہزاروں افراد کی شرکت،فنکاروں کی شاندار پُرفارمنس

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان کے جشنِ آزادی پر پاکستانی امریکن کمیو نٹی آف لانگ آئی لینڈ نے آئزن ہوور پارک میں ہر سال کی طرح سجایا زبردست آزادی میلہ جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ  پاک سے کیا گیا۔آزادی میلے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ کثیر تعداد میں شریک ہوئی۔اس موقع پر امریکی اور پاکستانی قومی ترانہ  پڑھا گیا۔تقریب کے آغاز پر شرکاء کو پاکولی کے قیام کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر پاکولی کے بانی بشیر قمر اور ان کی کابینہ کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔

پاکولی کے صدر عبدالرحمان اور سینئر نائب صدر  ہمایوں شبیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کے تعاون کے بغیر اس میلے کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکتا،اوور سیز پاکستانی اپنے ملک کے لیے دردِ دل رکھتے ہیں۔آزادی میلے میں خواتین کے خوبصورت ڈیزائن سے آراستہ مشرقی ملبوسات اور دیدہ زیب جیولری کے کئی اسٹالز سجے،اس کے علاوہ کھانے  پینے کی مختلف اشیاء سمیت بار بی کیو کی خوشبو فضاء میں مہک رہی تھی۔اس موقع پر پاکولی کے نائب صدر عتیق قادری اور سلمان شیخ نے شرکاء سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ  ہم سارا سال یہی کوشش کرتے ہیں کہ اپنی کمیونٹی کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے رہیں،کمیونٹی بھی ہمارے ساتھ ہمیشہ تعاون کرتی ہے۔آزادی میلے میں نہ صرف پاکولی کی ٹیم  بلکہ نیویارک کے مختلف علاقوں سے     خواتین و مرد اور نوجوان سب ہی سبزو سفید لباس زیب تن کیے شریک ہوئے، شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم بھی  لہرائے،اس موقع پر گلوکارہ صومیہ خان نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کا صدا بہار گیت سنایا جسےشرکاء نے خوب پسند کیا۔جشنِ آزادی کی تقریب کے شرکاء نے ہر سیگمنٹ کو بھرپور انجوائے کیا، پاکولی کے اراکین ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھائے  اسٹیج پر جمع ہوئے تو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر سب کا لہو گرمایا۔اس موقع پر پاکولی کے  سیکرٹری جنرل عاصم ملک اور ڈائریکٹر جمال محسن کا کہنا تھا کہ آج کل مصروفیت میں اکھٹے مل بیٹھنے کا بہانہ کم ہی ملتا ہے،پاکولی کا گلدستہ اس کے بانی بشیر قمر نے تیار کیا تھا اور ان ہی رہنمائی سے مہک رہا ہے۔تقریب میں پاکولی کی کمپٹرولر عذرا ڈار نے نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی نژاد امریکی انسپکٹر عدیل رانا کے لیے ایوارڈ کا اعلان کیا، جو عدیل  رانا کی طرف سے ان کی ساتھی افسران نے وصول کیا۔اس موقع پر  گلوکارہ صومیہ  خان نے حاضرین کی فرمائش پر ایک بار پھر اپنی آواز کا جادو جگایا تو شرکاء خوشی سے جھوم اٹھے اور بھنگڑے بھی ڈالے۔پاکولی کے زیرِ اہتمام آزادی میلےمیں ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو  بروس بلیک مینن اپنے دفتر  کے سینئر افسران کے ہمراہ شریک ہوئے۔شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  پاکستانی کمیونٹی  تعلیم یافتہ، قابل، باصلاحیت اور ہنرمند افراد پر مشتمل ہے،کاؤنٹی کی ترقی میں ان کا اہم کردار ہے۔تقریب میں پاکولی کی  طرف سے مختلف شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں انھیں ایوارڈ پیش کیے گئے۔اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بروس  بلیک مین اپنی مصروفیت کے باوجود شریک ہوئے کیونکہ وہ پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دینا چاہتے تھے۔آزادی میلے میں پاکستان کے معروف گلوکار استاد رفاقت علی خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔انھوں  نے1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران فوجی جوانوں کا جوش و جذبہ بڑھانے کے  لیے میڈم نور جہاں کا گایا ہوا ملی نغمہ  سنایا  ۔تقریب میں ناساؤ کاؤنٹی میں آفس آف ایشین امریکنز افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی اور دیگر بھی شریک تھے،حاضرین سے خطاب میں انھوں نے  پاکولی کے بانی بشیر قمر اور کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس  بلیک مین کی کاوشوں کو سراہا۔آزادی میلے میں   شام ہوئی تو لوگوں کی تعداد میں بھی خاصا اضافہ ہوگیا۔شرکاء اپنےمن پسند فنکاروں کی گائیکی سننے کے لیے کھنچے چلے آئے۔ معروف گلوکار نعیم عباس روفی  استاد نصرت  فتح علی خان کے گیت سنا کر سماں باندھ دیا۔آزادی میلے کی تقریب میں اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی میں پہلے پاکستانی ڈپٹی کاؤنٹی اٹارنی شہریار علی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ناساؤ کاؤنٹی مختلف قومیتوں کو نمائندگی دینے میں منفرد مثال رکھتی ہے۔تقریب کے اختتام سے قبل آزادی میلے کی آزادی نائٹ میں گلوکار نعیم عباس روفی کی شاندار اور جاندار پرفارمنس نے شائقین کا جوش و جذبہ بڑھادیا، نعیم  عباس روفی بھی اسٹیج سے اتر آئے اور اپنے مداحوں کے درمیان گلوکاری کے جوہر دکھائے۔پاکولی کے زیر اہتمام آزادی میلے کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیکن مین نے پاکستانی امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ کے اراکین کی خدمات کے اعترا ف میں انھیں تعریفی اسناد سے نوازا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.