نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کا "منی اِن یور پاکٹس” منصوبہ شروع
نیویارک:نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے منی اِن یور پاکٹس کے نام سے شہر میں ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے، جس کا مقصد نیویارک کے شہریوں کو 70 سے زائد شہری، ریاستی، اور وفاقی پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ نیویارکرز کی زندگی کو آسان بنایا جا سکے۔نیویارک سٹی پبلک انگیجمنٹ یونٹ نے شہر کی حکومت کے مختلف محکموں سے سینکڑوں ملازمین اور سٹی یونیورسٹی آف نیویارک کے طلباء کو تربیت دی ہے۔ یہ عملہ ہفتہ وار بنیادوں پر 20 سے زائد غیر محفوظ علاقوں اور نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) کی عمارتوں کا دورہ کرے گا، تاکہ ہزاروں نیویارکرز کو یہ معلوم کرنے میں مدد ملے کہ وہ کون سے فوائد کے اہل ہیں۔شہریوں کو ان پروگراموں کی معلومات فراہم کرنے میں آسانی کے لیے، مئیر ایڈمز نے منی اِن یور پاکٹ گائیڈ بھی جاری کی ہے، جو 40 سے زائد فوائد کی اہلیت کی شرائط اور متعلقہ درخواستوں کے لنکس فراہم کرتی ہے۔مئیر ایڈمز کی انتظامیہ نے مختلف حکومتی پروگراموں، جیسے کہ بگ ایپل کنیکٹ، فیئر فیئرز اور ارنڈ انکم ٹیکس کریڈٹ کے ذریعے نیویارکرز کو 30 بلین ڈالر سے زیادہ کی بچت میں مدد فراہم کی ہے۔مئیر ایڈمز کا کہنا ہے کہ میری پرورش ایک اکیلی ماں نے کی تھی، جنہیں ہماری کفالت کے لیے کئی نوکریاں کرنی پڑتی تھیں۔ آج بھی بہت سے نیویارکرز اسی مشکل کا سامنا کر رہے ہیں اور اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں کہ ان کے لیے حالات مشکل ہیں۔ لیکن ہماری انتظامیہ ایسا نہیں ہونے دے گی، ہم نیویارکرز کا خیال رکھ رہے ہیں اور اس شہر کو مزید قابل برداشت بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے منی اِن یور پاکٹس منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ نیویارکرز کو معلوم ہو سکے کہ وہ کون سے فوائد کے اہل ہیں ،مئیر نے کہا کہ ہم ایک ایسے شہر کی تعمیر کر رہے ہیں جو ہر محلے اور کمیونٹی کو مواقع اور خوشحالی فراہم کرے۔ نیویارکرز کو ان کا حق ملنا چاہیے، اور ہم انہیں یہ حق دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔