vosa.tv
Voice of South Asia!

اے پی پیک کے اشتراک سے نیویارک میں پاکستان ڈے پریڈ کا انعقاد

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے اے پی پیک کے اشتراک سے    نیویارک میں  پاکستان ڈے پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس کا باقائدہ آغاز پریڈ کمیٹی کے صدر منیر لودھی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں پاکستان ڈے پریڈ کے آغاز پُرامن کے  پیغام  کی علامت کے  طور پر فضاء میں  سفید  کبوتر آزاد کیے گئے،بعدازاں گرینڈ مارشل منظور حسن نے ربن کاٹ کر باقائدہ افتتاح کیا۔پاکستان ڈے پریڈ کی اسپانسر اے پی پیک،آر کے کنٹریکٹنگ سمیت مختلف رنگا رنگ فلوٹس بھی شامل رہے،شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوان اپنی کاروں کے قافلے میں سبز ہلالی پرچم لہراتے پریڈ میں شریک ہوئے،اس موقع پر نیویارک پولیس کے دستوں نے مارچ کیا اور پولیس کے بینڈ نے روایتی انداز میں سلامی دی ۔پریڈ اپنے مقررہ مقام پر پہنچ کر باقائدہ طور پر جشنِ آزادی کے پروگرام  کی شکل اختیار کر گئی۔معروف نعت خواں اصغر چشتی نے  پروردگار کی بارگاہ میں مناجات پیش کی ۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی جن میں خواتین  و مرد، نوجوان،بچے،بوڑھے سب ہی شامل تھے۔

اس موقع پر امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے  گئے۔ پاکستان ڈے پریڈ میں شریک بچوں نے  لہو گرمادینے والے ملی نغموں پر  ٹیبلو پیش کیے جنھیں حاضرین نے  خوب سراہا۔قبل ازیں پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے جوائنٹ سیکریٹری احمد خان  نےو ائس آف ساوتھ ایشیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ہم محبِ وطن پاکستانی اور زندہ قوم ہیں۔اس موقع پر پریڈ کے گرینڈ مارشل اور  اے پی پیک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد  نے پریڈ کمیٹی اور تمام منتظمین سے اظہارِ تشکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام  کمیونٹی کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کو ایک جگہ اکھٹا کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔پریڈ میں شریک اے پی  پیک جونیئر  بورڈ کے پریذیڈنٹ ارسل اعجاز کا کہنا تھا کہ  پاکستانی کمیونٹی کو  مستقبل میں مضبوط و مستحکم ہونے  کے لیے ضروری ہے کہ تمام شعبوں میں نوجوانوں کی شمولیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے ۔پاکستان ڈے پریڈ کے دوران مین ہٹن میں فضائیں ملی نغموں اور گرم جوش نعروں سے  گونجتی رہیں۔ پریڈکمیٹی کے شریک چیئرمین  خاور بیگ کا کہنا تھا کہ اس سال پریڈ کو چالیس برس مکمل ہوگئے اور ہر سال اس کی رونقوں میں اضافہ ہورہا ہے۔پاکستان ڈے پریڈ کے شرکاء کے لیے گرما گرم  حلوہ پوری کے ناشتے کے  بھی بھرپور انتظام کیا گیا تھا جس سے شرکاء خوب  لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر پاکستان ڈے پریڈ  کمیٹی کے  بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر تصور احسن کا کہنا تھا کہ  ہم اپنی نئی نسل کو  اپنی سرزمین،وہاں کی تہذیب و ثقافت،روایات اور اقدار سے روشناس کروانا چاہتے ہیں۔پاکستان کے جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ پاکستان ڈے پریڈ میں معروف مشہورو معروف گلوکار شیراز اوپل خصوصی طور پر شریک ہوئے۔شیراز اوپل نے مقبول کلام تو کجا من کجا سنا کر سماں باندھ دیا۔پاکستان  ڈے پریڈ    کے منتظمین کی تقاریر سے سلسلہ آگے بڑھا۔کمیٹی کے بورڈ آف ٹرسٹی اسد چودھری اور اے پی پیک نیویارک چیپٹر کے صدر طارق خان کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو یہاں کی مقامی سیاست میں شامل کریں،ہم چاہتے ہیں  کہ پاکستانی امریکیوں کو  بھرپور سپورٹ کریں،نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ اے پیک کے کارواں میں شامل ہوں۔جشنِ آزادی کی تقریب میں پاکستانیوں کی اکثریت سبز و سفید لباس میں ملبوس ہوکر شریک ہوئی۔پاکستان سے آئی ہوئیں  فوک گلوکارہ سارہ الطاف نے مشہورِ زمانہ اور لازوال ملی نغمہ  جیوے جیوے پاکستان سناکر شرکاء کا لہو گرمایا۔پریڈ میں  پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کا فلوٹ بھی شامل رہا۔اس موقع پر پریڈ  کے منتظمین  ودیگر  نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈے پریڈ تاریخی اہمیت کی حامل ہے،ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔یومِ آزادی کی تقریب میں منتظمین اور مہمانوں کے خطابات کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی پرفارمنس کا سلسلہ بھی جاری رہا جن سے حاضرین خوب محضوظ ہوئے۔پاکستان ڈے پریڈ میں نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔پریڈ کمیٹی اور شرکاء نے ان کا زبردست انداز میں استقبال کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی کمیونٹی کا نیا نہیں بلکہ  بہت پرانا اور ایک مخلص دوست ہوں،اس کمیونٹی نےمجھے ہمیشہ بھرپور سپورٹ کیا اور پیار بھی دیا،اسی طرح ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے رہیں۔امریکی سیاست دانوں میں پاکستانی کمیونٹی کے بہترین دوستوں میں شامل اسمبلی مین نادر سیئج  بھی پاکستان ڈے پریڈ میں شریک ہوئے،حاضرین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی نے نہ صرف اس شہر بلکہ امریکا کی تعمیر  وترقی میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کے جشنِ آزادی پر خاص طور پر آئے ہوئے فوک گلوکار ملکو اور سارہ الطاف نے حاضرین کی پرزور فرمائش پر اپنا مشہورگانا "نک دا کوکا” سنایا  تو شرکاء خوشی سے جُھوم  اُٹھے اور بھنگڑے بھی ڈالے۔تقریب میں نیویارک سٹی کے پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز اپنی کمسن بیٹی کے ہمراہ شریک ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ میں گھر میں پبلک ایڈووکیٹ نہیں ہوں،اس لیے چھٹی کے روز بچوں کو سنبھالنا میری زمہ داری ہے،میرا ماننا ہے کہ سب کو  برابری کی بنیاد پر آزادی حاصل ہونی چاہیے،انھوں نے غزہ میں سیز فائر کی حمایت بھی کی۔اس موقع پر نیویارک سٹی کے پاکستانی نژاد امریکی ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ  شہری حکومت میں  پاکستانیوں کو نمائندگی ملنا ہمارے لیے خوش آئنداور باعثِ فخر بھی ہے ۔تقریب کے اختتام سے قبل نیویارک پولیس میں شامل پاکستانی نژاد امریکی افسران،کمیونٹی کی خاتون سماجی ورکرز سمیت پریڈ کمیٹی کے منتظمین اور دیگر نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.