پنسلوانیا:ہیرس برگ میں بسلسلہ سید الشہداء وشہداء کربلا جلوس اربعین کا انعقاد
پنسلوانیا(بیورو رپورٹ)امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر ہیرس برگ میں بسلسلہ سید الشہداء وشہداء کربلا پہلا جلوس اربعین کا اہتمام کیا گیا۔جلوس ریورفرنٹ پارک سے شروع ہوکر سٹی ہال ہیرس برگ پر اختتام پزیر ہوا،جس میں مقامی اور قریبی علاقوں سے آئے ہوئےاہل تشیع افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوس اربعین میں حسینی عزاداروں نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔مقامی اور مہمان نوحہ خواں حضرات نے شہدائے کربلا کی یاد میں پرسوز نوحے پڑھے،جس کے بعد ماتمی انجمنوں نے ماتم کیا۔ شرکاء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سینہ کوبی کی اور "لبیک یا حسین” کے نعرے بلند کیے۔اربعین مارچ کے شرکار نے اپنے ہاتھوں میں کالے اور ہرے رنگ کے پرچم اٹھا رکھے تھے جو لیبک یا حسین کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ جلوس میں شریک افراد نے منظم طریقے سے جلوس میں شرکت کی۔ پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد سے آئے ہوئے شیعہ عالم دین علامہ شکیل اختر نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے اربعین کی اہمیت، فلسفہ اور حضرت امام حسینؑ کے پیغام کے بارے میں گفتگو کی۔جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل سٹی ہال ہیرس برگ تک پہنچا،علامہ شکیل اختر نے شہدائے کربلا کی قربانیوں پر روشنی ڈالی اور موجودہ دور میں ان کے پیغام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔جلوس کے اختتام پر دعائیہ کلمات میں مسلمانوں کی یکجہتی اور عالم اسلام کے امن کے لیے دعا کی گئی۔ شرکاء نے امام حسینؑ کے پیغام کو اپنانے کا عزم کیا۔یہ جلوس نہ صرف عقیدت و احترام کا اظہار تھا بلکہ ہیرسبرگ کی مسلم کمیونٹی کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی علامت بھی تھا۔ جلوس میں شریک افراد نے عزم کیا کہ وہ امام حسینؑ کے پیغام کو اپنی زندگی میں اپنائیں گے اور دنیا میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے کوشاں رہیں گے۔