vosa.tv
Voice of South Asia!

مسجد حمزہ میں رنگا رنگ کارنیول کا شاندار انعقاد

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیو یارک کے علاقے اسٹورٹ ایوینیو ویلے اسٹریم میں قائم مسجد حمزہ میں ایک شاندار کارنیول کا انعقاد کیا گیا جس نے مقامی کمیونٹی کے افراد کو تفریح اور خوشی کا موقع فراہم کیا۔یہ کارنیول صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا جس میں شرکت کرنے والے بچوں اور بڑوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔کارنیوال کی مناسبت سے مسجد حمزہ کی وسیع جگہ کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا تاکہ بچوں اور بڑوں کو ایک یادگار دن کا موقع فراہم کیا جا سکے۔کارنیول میں داخلے کے لیے صرف 5 ڈالر کی معمولی فیس رکھی گئی تھی،جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کارنیول میں مختلف قسم کی تفریحی سرگرمیاں رکھی گئی تھیں، جن میں پونی رائیڈ، پیٹنگ زو، اور باؤنسی کاسل شامل تھے۔ بچے پونی رائیڈ کے ذریعے گھڑ سواری کا لطف اٹھاتے نظر آئے جبکہ پیٹنگ زو میں موجود معصوم جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے کا تجربہ بھی دلچسپ رہا۔ کارنیول میں مختلف قسم کے کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ ان میں روایتی پاکستانی، عربی، اور دیگر بین الاقوامی کھانے شامل تھے جبکہ لائیو باربی کیو سے بھی شرکاء نے بھرپور مزہ لیا۔حمزہ مسجد کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ  یہ کمیونٹی ایونٹ ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد کمیونٹی کو  یہ بتانا ہے کہ یہ مسجد  صرف عبادت گاہ نہیں بلکہ یہاں حلال سرگرمیاں بھی منعقد کی جاسکتی ہیں۔کارنیول میں واٹر رائیڈز کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا، اس کے علاوہ مختلف قسم کے جھولے اور رائیڈز بھی نصب کی گئی تھیں جن میں بچوں کے ساتھ ساتھ بڑے بھی لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر ایک خصوصی اسلامی بازار بھی لگایا گیا تھا جہاں مختلف قسم کی اسلامی مصنوعات، کتابیں،کپڑے اور دستکاری کے سامان کی فروخت کی گئی۔لوگوں نے بازار میں خریداری کرتے ہوئے خوب انجوائے کیا اور اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے لیے تحائف بھی خریدے۔یہ کارنیول نہ صرف تفریح کا ذریعہ تھا بلکہ مقامی کمیونٹی کے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا بھی بہترین موقع فراہم کیا۔ مسجد حمزہ کی انتظامیہ نے اس کارنیول کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کی، جسے شرکاء نے بہت سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.