مسلم لیگ ن ہاؤس نیویارک میں جشن آزادی پاکستان کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
نیویارک:امریکا میں پاکستا ن کے ستتر ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ نیویارک میں مسلم لیگ ن ہاؤس میں یومِ آزادی کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا اور کیک بھی کاٹا گیا۔لیگی رہنماوں کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہی ترقی کا راستہ ہے۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مسلم لیگ ہاوس میں پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی،سینئر لیگی رہنما راجہ رزاق نے تلاوت کلامِ پاک سے آغاز کیا اور بارگاہِ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول بھی نچھاور کیے۔جشنِ آزادی کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی جن میں خواتین و مرد سب ہی شامل تھے۔
اس موقع پر پاکستانی کا قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔شرکاء سے خطاب میں مسلم لیگ ن امریکا کے صدر روحیل ڈار اور سینئر نائب صدر میاں فیاض نے تمام مہمانوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتوں کی پارلیمان اور عدلیہ میں مداخلت سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے،سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔یومِ آزادی کے شرکاء نے اپنی سر زمین پر گزاری زندگی کے لمحات کو بہت یاد کیا۔اس موقع پر سینئر لیگی رہنما راجہ رزاق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے قیام سے ہی مشکلات کے کئی ادوار دیکھے ہیں اور ہمیشہ آگے بڑھا ہے،اب بھی نواز شریف کی قیادت میں ملک موجودہ بحرانوں سے نکل کر آگے بڑھے گا۔جشنِ آزادی کی تقریب میں لیگی اراکین نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر دو سال قبل تحریکِ انصاف کی حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد نہ لائی جاتی تو آج ملک کے حالات مزید ابتر ہوتے۔نواز شریف کے دور میں پاکستان نے ہمیشہ ترقی کا سفر طے کیا ہے ۔آخر میں پی ایم ایل این امریکا کی قیادت،لیگی اراکین اور کمیونٹی کے مہمانوں نے مل کر پاکستان کے یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ شرکاء نے اس عز م کا بھی اعادہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔