پاکستانی نژاد امریکی پولیس افسران نے لٹل پاکستان پر سبز ہلالی پرچم لہرادیا
تقریب میں پولیس افسران کے ساتھ قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سمیت اہم شخصیات کی شرکت
نیویارک:نیویارک پولیس کے پاکستانی نژاد امریکی افسران نے پاکستان کے ستتر ویں یومِ آزادی پر لٹل پاکستان پر سبز ہلالی پرچم لہرادیا اور اس تاریخی روایت کے دس سال مکمل کرلیے۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو اور ایونیو ایچ پر واقع سوئیٹینس ریسٹورانٹ پر پاکستان کے یومِ آزادی پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کاآغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔اس پرچم کشائی کی روایت سوئیٹینس ریسٹورانٹ کے مالک مرحوم عمر بٹ نے نو سال قبل قائم کی جسے اب این وائے پی ڈی کے مسلمان افسران نے برقرار رکھا ہواہے،نیویارک پولیس کے دستوں نے اپنے روایتی بینڈ کے ساتھ پریڈ کی۔پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی،این وائے پی ڈی کے سینئر افسران،ایم او ایس کے صدر انسپکٹر عدیل رانا،کیپٹن وحید اختر اور دیگر بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔اس موقع پر امریکی اور پاکستانی پرچم فضاء میں بلند کیے گئے۔تقریب میں کونی آئی لینڈ پر مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں خواتین و مرد اور بچے بزرگ سب ہی شامل تھے۔اس موقع پر کیپٹن وحید اختر کا کہنا تھا کہ نو سال قبل اس خوبصورت روایت کی بنیاد رکھی،جو اب ہر سال باقائدگی سے نبھائی جارہی ہے۔اس موقع پر این وائے پی ڈی کی خاتون پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں آکر بہت اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔پرچم کشائی کی تقریب کے شرکاء کے لیے بار بی کیو اور دیگر لذیذ پکوان کا بھرپور اہتمام کیاگیا تھا جس سے ان کی تواضع کی گئی۔