vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں شدید بارش اور طوفانی موسم کے خدشات پر ہنگامی سفری ہدایت جاری

0

نیویارک:نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے شدید بارش اور طوفانی موسم کے خدشات پر سفری ہدایت جاری کی ہیں ، موسمیاتی سروس کی تازہ ترین پیشن گوئی کے مطابق، پوسٹ ٹراپیکل ڈپریشن ڈبی اور فرنٹل کمپلیکس کے ملاپ کی وجہ سے شہر میں وسیع پیمانے پر شدید بارش اور ممکنہ طور پر شدید گرج چمک متوقع ہیں۔نیویارک سٹی میں شدید بارش اور طوفانی موسم کے خدشات پر ہنگامی سفری ہدایت جاری  کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرچہ اس طوفان کی شدت اس ہفتے کے شروع میں ہونے والی بارشوں جتنی نہیں ہو گی، تاہم اس کے نتیجے میں شہر بھر میں معمولی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے شام کے وقت سفر اور ٹرانسپورٹیشن میں خلل پڑ سکتا ہے۔ خاص طور پر برونکس، شمالی مین ہیٹن اور شمالی کوئنز کے علاقے سیلاب کے خطرات سے دوچار  ہو سکتے ہیں۔ بارش کی شدت ایک سے دو انچ فی گھنٹہ ہونے کا امکان ہے۔شہر میں آج بھی مختلف علاقوں میں  بارش کے امکانات موجود ہیں، جب کہ آدھی رات کے بعد سے  کل صبح تک گرج چمک اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ اس دوران نشیبی اور نکاسی کے مسائل والے علاقوں میں معمولی سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے۔نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ نیویارکرز مضبوط اور پرعزم ہیں، اور ہم اس موسم کا مقابلہ کریں گے۔ لیکن اس کے لیے تیار رہنا اور جاری کی گئی سفری ہدایت کی پابندی کرنا ضروری ہے۔موسمی حالات کے پیش نظر، NYC ایمرجنسی مینجمنٹ نے شہر کے فلیش فلڈ ایمرجنسی پلان کو فعال کر دیا ہے۔ایمرجنسی آپریشنز سینٹر بھی متحرک ہے اور موسم کی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.