نیو یارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی
نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے منگل 6 اگست سے بدھ7 اگست تک کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔ تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق ایک فرنٹل باؤنڈری کل میٹرو علاقے میں منتقل ہوگی جس کے باعث کل صبح سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں شروع ہو سکتی ہیں جبکہ دوپہر تک طوفان کی شدت بڑھ سکتی ہے۔کل رات سے بدھ کی صبح تک شہر میں زیادہ وسیع پیمانے پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔مئیر ایڈمز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کو طوفان سے پہلے تیار ہونا چاہیے اور محفوظ رہنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے،مئیر نے کہا کہ اگرچہ ہمیں اس موسم سے کچھ رکاوٹوں کی توقع ہے،تمام متعلقہ شہر کی ایجنسیوں کو متحرک کردیا گیا ہے اور وہ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔شہریوں کے لئے اگر ممکن ہو تو بدترین موسم کے دوران گھر پر ہی رہیں۔نیو یارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر زیک اسکل کا کہنا ہے کہ منگل سے بدھ تک زیادہ بارش اور ممکنہ فلش فلڈنگ کے لیے تیار رہیں۔بارش اور سیلاب کی شدت اور مقام غیر یقینی ہے۔ اس وقت، نیشنل ویدر سروس جنوب مغرب میں سب سے زیادہ بارش کی پیش گوئی کرتی ہے۔ سڑکوں پر فلش فلڈنگ ہو سکتی ہے، خاص طور پر نشیبی اور ناقص نکاسی آب والے علاقوں میں۔ زیر زمین انفراسٹرکچر، بشمول تہہ خانے، بھی سیلاب کا شکار ہو سکتے ہیں۔ دوپہر اور شام کے دوران 50 سے 60 میل فی گھنٹہ کی تیز ہوا کے جھونکوں کے ساتھ شدید طوفان درختوں کو گرانے اور مقامی سطح پر بجلی کے تعطل کا سبب بن سکتا ہے۔