تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ جاں بحق
ایران کے شہر تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ جاں بحق ہوگئے۔ایک حملے میں اسماعیل ہنیہ کے مارے جانے پر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے رام اللّٰہ اور نابلس میں عام ہڑتال اور بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کر دیا۔حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی جاں بحق ہوا ہے۔ایرانی ٹی وی کا کہنا ہےکہ اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے، ان کی قیام گاہ پر حملہ کرکے انہیں مارا گیا۔ایران کا کہنا ہےکہ قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے نتائج جلد سامنے لائے جائیں گے۔دوسری طرف اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے پر النجاہ یونیورسٹی نے سوگ میں کلاسز اور کام معطل کرنے کا اعلان کردیا۔