پولیس کی بھاری نفری ٹرمپ ٹاور پر تعینات،ٹرمپ کو نیوجرسی منتقل کرنے کی بھی اطلاعات
نیویارک(ویب ڈیسک)سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد حکام کی ہدایات پر نیویارک پولیس کی بھاری نفری 5ایونیو پر قائم ترمپ ٹاور پر تعینات کردی گئی ہے۔نیویارک پولیس کی خواتین ومرد افسران سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے مورچے سنبھال لیے ہیں۔تاکہ کسی ناخشگوار واقعہ سے نمٹا جائے۔ حکام کے مطابق نیویارک پولیس نے نیویارک شہر میں متعدد اہم گرم مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں نیویارک سٹی میں ٹرمپ ٹاور کے باہر لوگوں کو جمع ہوتے اور پولیس کی موجودگی کو دکھایا گیا ہے۔ڈپٹی میئر برائے کمیونیکیشنز فیبین لیوی نے کہا کہ نیویارک پولیس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس ٹرمپ ٹاور، 40 وال اسٹریٹ، فولے اسکوائر، اور سٹی ہال موجود ہے ۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ہفتے کے روز پنسلوانیا میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو نیو جرسی کے بیڈ منسٹر میں آرام کے لیے منتقل کردیا ہے۔ٹرمپ کو ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نیویارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لایا گیا اور سخت سیکورٹی میں بیڈمنسٹر منتقل کیا۔ بیڈ منسٹر میں ایک نجی گولف کورس ہے۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں گولی ماری گئی تھی جو میرے دائیں کان کے اوپری حصے کو چھوکر گزری ہے۔ سابق صدر کی مہم اور معاونین کا کہنا ہے کہ بٹلر پنسلوانیا میں انتخابی ریلی میں فائرنگ کے بعد وہ ٹھیک ہیں۔ نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے کہا کہ براہ کرم صدر ٹرمپ، ریلی میں موجود ہر شخص اور ہمارے ملک کے لیے دعا کریں۔