نیویارک شہر میں نفرت کی گنجائش نہیں،مئیر ایرک ایڈمز کا عید ملن پارٹی سے خطاب
مئیر کی سرکاری رہائش گاہ پر ہونے والی پارٹی میں مسلم کمیونٹی کی شخصیات میں ایوارڈز تقسیم ،بچوں کو تحائد دئیے گئے تو بچوں کی خوشی دیدنی تھی
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کی سرکاری رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔مسلم کمیونٹی کی شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے اور بچوں کو تحائف سے نوازا گیا۔عید الضحیٰ کی مناسبت سے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے مین ہیٹن میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن پر مسلم کمیونٹی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا.شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ یہ شہر مختلف مذاہب اور قومیتوں کے افراد پر مشتمل خوبصورت گلدستہ ہے،اس شہر میں نفرت کی کوئی گنجائش نہیں،ہم چاہتے ہیں کہ تمام کمیونٹی کو اپنے تہوار اور رسومات کی ادائیگی کے لیے یکساں مواقع میسر ہوں۔

عید ملن میں میئر آفس کا افسران،نیویارک میں تعینات مختلف ممالک کے قونصل جنرل سمیت مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔میئر نے بچوں کو خصوصی توجہ دی، عید کی مناسبت سے ان کے لیے مختلف تحائف رکھے گئے تھے جو بچوں میں تقسیم کیے تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ اس موقع پر امریکی آفیشلز نے شرکاء سے خطاب کیا اور عید الضحیٰ کی مناسبت اپنے اپنے تاثرات اور پیغامات سنائے۔عید ملن میں نیویارک سٹی کی انتظامیہ میں اوتھ کمشنر عاصم رحمان بھی شریک تھے، شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس شہر میں مسلمانوں کو بہت سے مسائل کا سامنا رہا لیکن وہ مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے۔اس موقع ٌپرمیئر ایرک ایڈمز نے تعریفی سند پیش کی۔عید ملن کے تمام ہی مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب متحد رہیں۔ آخر میں امن وسلامتی کے لیے دعا کروائی گئی۔