فلسطینوں کی تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر عید،مسجد اقصی تکبیرات سے گونج اٹھی
بیت المقدس: اسرائیلی فوج کی جارحیت، بے جار رکاوٹوں اور پابندیوں کے باجود مسجد اقصیٰ تکبیرات سے گونج اُٹھی اور 40 ہزار سے زائد فلسطینی قبلہ اوّل میں داخل ہوکر عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔عالمی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں عید الاضحیٰ کی نماز پڑھنے کے لیے آنے والے مسلمانوں پر حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں توڑ پھوڑ کی، نمازیوں کے شناختی کارڈز چیک کرکے ان کے ہراساں کیا، نمازیوں کی نقل و حرکت میں خلل ڈالا۔اسرائیلی فوجیوں نے ہزاروں فلسطینیوں کو عید کی نماز کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ جس سے مسلمانوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔اردن کے زیر انتظام مسجد اقصیٰ کی اسلامی وقف کے انچارج نے بتایا کہ اسرائیلی بندشوں اور ہزاروں افراد کو داخلے سے روکنے کے باوجود 40 ہزار سے زائد فلسطینی نمازِ عید ادا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔جن فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فوج نے تشدد کا نشانہ بناکر مسجد اقصیٰ سے بیدخل کردیا تھا انھوں نے باہر صفیں بنالیں اور نماز ادا کی۔دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں نے اپنے تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر غزہ کے غیور عوام کا جذبہ دیدنی تھا۔ غزہ میں سوگوار عید ، جنگ کے سائے، چلچلاتی دھوپ میں مساجد کے ملبے پرعید کی نمازیں، شہریوں نے قلیل تعداد میں قربانی کی، دکھ اور تکلیف کے درد ناک مناظر ، شہر کی کچھ تباہ شدہ اور ویران گلیوں میں دعاوں کی گونج، فلسطینی تکبیرات بھی پڑھتے رہے، اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر تشدد، صحن میں توڑ پھوڑ، اسرائیلی فوج کا امداد کی فراہمی کیلئے جنگ میں وقفوں کا اعلان، اسرائیل میں حکومت مخالف مظاہرے، انتخابات کا مطالبہ، 24 گھنٹوں میں مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے، رفح میں اسرائیلی فوجی بکتر بند پر حماس کے حملے میں ہلاک صیہونی فوجیوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ اسرائیلی فوجیوں نے رفح میں سیکڑوں فلسطینیوں کے گھر گولہ باری اور آگ لگا کر تباہ کردیئے، غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں تباہ حال فلسطینیوں کے حوصلے بلند، غزہ کے خیموں میں مقیم بچیوں نے عید کے گیت گائے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے عید پر جنگ میں وقفوں کے اعلان کے باوجود دن بھر حملے جاری رہے، بوریج کیمپ پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فورسز نے ہزاروں فلسطینیوں بالخصوص نوجوانوں کو مسجد اقصیٰ میں ادائیگی سے روک دیا، مسجد اقصیٰ کے احاطے میں بھی فلسطینیوں پر تشدد ، صحن میں توڑ پھوڑ، پابندیوں ، تشدد اور رکاوٹوں کے باوجود 40ہزار نمازیوں کی مسجد اقصیٰ آمد، نماز عید ادا کی، صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ میں وقفوں کا اعلان امداد کی فراہمی بڑھانے کیلئے کیا گیا ہے۔اسرائیل میں حکومت کے خلاف مظاہروں نے مزید شدت اختیار کرلی ، احتجاجی مظاہرین نے ہائی ویز سمیت اہم شاہراہیں بند کردیں، نیتن یاہو سے مستعفی ہونے اور فوری طور پر انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے ، مظاہرین نے نیتن یاہو حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔