شوبز شخصیات کا کرکٹر کی ناقص پرفارمنس پر برہمی کا اظہار
امریکا میں جاری کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں قومی ٹیم کی روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست پر جہاں پوری قوم افسردہ ہے، وہیں شوبز شخصیات نے بھی کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست پر پوری قیم کی جانب سے قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ شوبز شخصیات بھی کھلاڑیوں کی بدترین پرفارمنس پر نالاں دکھائی دیے۔کرکٹ ٹیم کی ہار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے متعدد شوبز شخصیات نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کرکٹ ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔اداکارہ ماورہ حسین نے بھی قومی ٹیم کی شکشت پر متعدد پوسٹس کرتے ہوئے اظہار برہمی کیا اور لکھا کہ جب جب قوم کو امید ہوتی ہے کہ قومی ٹیم جیتے گی تب تب کرکٹ ٹیم ہار جاتی ہے۔اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ یہاں تک کہ قومی ٹیم فائنل میں پہنچ کر بھی ہار جاتی ہے اور ٹیم سے جب جب ہارنے کی امید کی جاتی ہے، تب تب ٹیم ہار جاتی ہے۔اداکارہ امر خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ’شرم ناک، شرم ناک، شرم ناک‘ لکھتے ہوئے لکھا کہ بطور قوم ہم شرمندہ ہیں۔ان کی طرح احمد علی بٹ نے بھی قدرے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’کرکٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بادشاہ ہیں لیکن اصل دنیا میں ان کی کوئی اوقات نہیں‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ اگلے سال پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنے کے لیے کوالیفائی میچ جیتنے پڑیں گے۔احمد علی بٹ نے قومی ٹیم سے گلی، محلوں کی کرکٹ ٹیمز کو بہتر قرار دیا، انہوں نے کھلاڑیوں سمیت ٹیم کی منیجمنٹ کو بدتر قرار دیتے ہوئے ان پر لعنت بھی بھیجی۔بعض شوبز شخصیات نے کھلاڑیوں کے نام لکھ کر انہیں واضح تنقید کا نشانہ بنایا، فہد شیخ نے لکھا کہ عماد وسیم کو میچ میں شکست کے بعد ٹی وی چینل کے پینل کو دوبارہ جوائن کرنا چاہیے۔اسی طرح بلال قریشی نے لکھا کہ عماد وسیم پیسوں پر خریدے گئے کھلاڑی کی طرح کھیل رہے تھے۔ایمن سلیم نے لکھا کہ وہ ابھی تک یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ قومی ٹیم شکست کھا چکی ہے۔رابعہ بٹ نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ اچھا بھائی ہم چلتے ہیں، دعاؤں میں یاد رکھنا۔اداکار شان شاہد نے بھی ٹوئٹ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے لکھا کہ گرین شرٹس ٹیم اب ہماری محبت اور عزت کے لائق نہیں رہی، وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جوکر ٹیم بنتی جا رہی ہے۔ان کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات نے قومی ٹیم کی شکست پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔