بھارت میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر جا پہنچا
ہیٹ ویو نے بھارتی دارالحکومت کو بھون کر رکھ دیا ہے، شدید گرمی کی لہر کے دوران آج درجہ حرارت اب تک کی ریکارڈ سطح 52.9 ڈگری سینٹی گریڈ پر جا پہنچا۔اس وقت کو بھارت کو گرمی کی شدید ترین لہر نے گھیر رکھا ہے، نئی دہلی میں درجہ حرارت 52.9 ڈگری تک پہنچ گیا، جب کہ اس سے قبل 2002 میں درجہ حرارت 49.2 کی ریکارڈ سطح تک پہنچا تھا۔ریاست راجستھان میں درجہ حرارت 51 ڈگری اور ہریانا میں 50.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، حالیہ گرمی کی لہر سے ریاست راجستھان میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک 13 اموات بھی ہو چکی ہیں، جب کہ ریاست بہار کے اسکولوں میں طلبہ گرمی سے بے حال ہو گئے، اور کچھ طالبات بے ہوش ہو گئیں۔ نئی دہلی میں صحت کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گرمی کی شدت سے تمام عمر کے افراد کو ہیٹ اسٹروک کا خطرہ ہو سکتا ہے۔