vosa.tv
Voice of South Asia!

بحری جرائم کامقابلہ،رائل اور پاکستان نیوی کا اہم کردار

0

تقریب میں سفارت کاروں،ہاؤس آف لارڈز کے اراکین،کمیونٹی کے سینئر رہنما،کاروباری شخصیات،سابق اہلکاروں کی شرکت

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ایک کمیونٹی انگیجمنٹ تقریب کی میزبانی کی جس کی سربراہی نیول ریجنل کمانڈر فار لندن اور ایسٹرن انگلینڈکموڈور رابرٹ بیل فیلڈ آف رائل نیوی نے کی۔اس تقریب کا مقصد برطانیہ-پاکستان کمیونٹی کے اندر رائل نیوی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ تقریب کا عنوان تھا” رائل نیوی آپ کے لیے کیا کرتی ہے؟” تقریب کے انتظامات کی قیادت رائل نیوی کی اعزازی کیپٹن دردانہ انصاری نے کی۔ اس تقریب میں سفارت کاروں، ہاؤس آف لارڈز کے اراکین، کمیونٹی کے سینئر رہنما، کاروباری شخصیات ،سابق اہلکاروں ،  برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔رائل نیوی کی موبائل انگیجمنٹ ٹیم جس کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر کیتھرین ہومز نے کی۔ اُنہوں نے  رائل نیوی  پرایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ تقریب سے ہائی کمشنر کے علاوہ ڈیفنس اتاشی کموڈور ذیشان نبی، لارڈ قربان حسین، اور مانچسٹر کی لارڈ میئر  یاسمین ڈار نے خطاب کیا۔ یہ تقریب بہت سے لوگوں کے لیے ایک خوش آئند موقع تھا جن کو رائل نیوی کے بارے کم آگاہی تھی۔ تقریب کے انعقاد سے اس بات کی اہمیت مزید اُجاگر ہوئی کہ میری ٹائم سیکیورٹی کتنی اہم ہے اور بحیرہ عرب میں بحری جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے رائل نیوی اور پاکستان نیوی کے درمیان قریبی تعاون کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن کے ڈیفنس اور نیول ایڈوائیزر محمد ذیشان نبی شیخ نے اپنے تعارفی کلمات میں کہا کہ اس تقریب نے  لوگوں کو رائل نیوی کے کام اور پاکستان نیوی کے ساتھ اس کے تعاون کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے رائل نیوی کی آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ شاندار بحری تعاون کا اشتراک کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا باعث بنتی  ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں بحری افواج کا میری ٹائم سکیورٹی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.