نیویارک کے ہوائی اڈے پر عید ملن پارٹی
نیویار ک کے جے ایف کے ایئر پورٹ پر کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن میں تعینات افسران و اہلکار وں پر مشتمل عملے نے عید ملن کا اہتمام کیا جس کا باقائدہ آغاز امریکی قومی ترانے سے کیا گیا۔ عید ملن میں پورٹ اتھارٹی پولیس آفیسرز، نیوجرسی مسلم آفیسرز سوسائٹی اور نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کے افسران شریک ہوئے ۔ ایم او ایس کے صدر اور نیویارک پولیس میں پہلے پاکستانی نژاد امریکی انسپکٹر عدیل اور حمزہ مسجد کے امام کاشف عزیز بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔اس موقع پر سی بی پی آفیسر شہباز ابرار نے انسپکٹر عدیل رانا اور امام کاشف عزیز کا تعارف کروایا۔ عید ملن میں مہندی لگوانے کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا جہاں سے پولیس اہلکاروں نے اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوائی۔ شرکاء سے خطاب میں حمزہ مسجد کے امام کاشف عزیز رمضان المبار ک کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالی اور عید الفطر کا خلاصہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر عدیل رانا نے کہا کہ نیویارک شہری کی سب سے بڑی خوبصورتی یہ ہے کہ اس شہر کے ہر ادارے میں تمام ہی مذاہب و قومیتوں کے لوگ موجود ہیں اور سب مل کر امریکا کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرتے ہیں۔ سی بی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جے ایف کے امریکا کا سب سے بڑا ایئر پورٹ ہے جس کے عملے میں سو سے زیادہ مسلمان ملازمین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کا عملہ صرف ملکی و غیر ملکی مسافروں کی اسکرینننگ ہی نہیں کرتا بلکہ امریکا آمد پر انھیں خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ قوانین کے مطابق تمام مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ۔آخر میں انسپکٹر عدیل رانا کو سٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی طرف سے تعریفی سند بھی پیش کی گئی۔