برطانیہ میں ڈاکٹروں نے ایک بار پھر ہڑتال کردی
برطانیہ میں ہزاروں ڈاکٹروں نے ایک بار پھر ہڑتال کردی ہے۔ ڈاکٹروں کی یہ 10 ویں ہڑتال ہے۔برطانیہ میں ہزاروں ڈاکٹروں کی یہ ہڑتال رواں سال 2024 میں دوسری اور گزشتہ 12 مہینے سے بھی کم عرصے میں 10 ویں ہڑتال ہے۔ تنخواہوں کے سلسلے میں برطانوی حکومت کے ساتھ ڈاکٹروں کا پرانا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس کے حل نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر ہڑتال کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ برطانوی ڈاکٹر اپنی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی تنخواہیں افراط زر میں ہونے والے اضافے سے بہت کم ہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا مقصد حکومت کو مذاکرات کی میز پر واپس آنے پر مجبور کرنا ہے تاہم برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ہڑتالیں جاری رہیں گی وہ ڈاکٹروں سے بات چیت نہیں کرے گی۔دسمبر 2023 میں حکومت اور برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کے درمیان بات چیت ٹوٹنے سے پہلے تنخواہوں میں تین فی صد اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، جو گزشتہ سال تقریباً 9 فیصد اضافے سے الگ تھا لیکن موجودہ تعطل نے ڈاکٹروں کو بیرون ملک کام تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔