نیویارک،غیر قانونی تارکینِ وطن خاندان کو 2200 ڈالر ماہانہ ادائیگی کی اسکیم
نیویارک سٹی میں تارکینِ وطن کی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار سے تجاوز کر گئی۔ شہری حکومت کی ڈیبٹ کارڈ اسکیم کے تحت پناہ گزین کی ایک فیملی کو سالانہ پندرہ ہزار دوسو ڈالرز امداد کی مد میں دئیے جائیں گے۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے سٹی ہال میں ڈپٹی میئر اور دیگر کے ہمراہ ہفتہ وار نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تارکینِ وطن کے لیے حال ہی میں نیوجرسی بینک موبیلیٹی کے اشتراک سے متعارف کروائی گئی53 ملین ڈالر پر مشتمل ڈیبٹ کارڈ اسکیم کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اب تارکینِ وطن کے لیے جگہ نہیں رہی، لوگ سڑکوں پر سونے پر مجبور ہیں۔ پناہ گزینوں کے لیے ڈیبٹ کارڈ اسکیم متعارف کروانے سے متعلق صحافیوں کے سوال کے جواب میں میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ یہ اسکیم ٹیکس پیئرز کا پیسہ بچائے گی اور کھانا ضائع ہونے کی روک تھام کا سبب بنے گی۔اس اسکیم کے تحت تارکین وطن میں ایک شخص کو 345 ڈالر ماہانہ،تین افراد پر مشتمل فیملی کو ماہانہ 932 ڈالر،چار افراد پر مشتمل ایسی فیملی جن کے سترہ سال سے کم عمر کے دو بچے ہوں،انھیں ماہانہ ساڑھے 12سو ڈالر جبکہ 8 افراد پر مشتمل خاندان کو ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے ماہانہ 2200 ڈالر دیے جائیں گے،اس اسکیم میں ابتدائی طور پر 500 تارکین وطن کو شامل کیا جائے گا۔اسکیم سے شہری حکومت کو سالانہ 7.2 ملین ڈالر کی بچت ہوگی۔