نیویارک برفباری ،آن لائن کلاسز میں طلباء کو دشواری کاسامنا۔
آئی بی ایم ریموٹ کلاسز کے لیے تیار نہیں تھی، چانسلر ڈیوڈ بنکس
نیویارک کی شہری حکومت نے شدید برفباری کے باعث اسکولوں کے لیے آن لائن کلاسز کا اعلان تو کردیا لیکن سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث اکثر بچے کلاسز لینے سے محروم رہ گئے، شہر کے میئر اور سرکاری اسکولوں کے چانسلر کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز کا نظام چلانے والی کمپنی آئی بی ایم مکمل طور پر تیار نہیں تھی۔نیویارک میں سرکاری اسکولوں کے چانسلر ڈیوڈ بینکس اور دیگر ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ دور بدل رہا ہے ، کورونا وائرس کے دنوں میں بھی آن لائن کلاسز ہوئی، ملازمین نے گھروں سے کام کیا ، ہمیں جدید تقاضوں کے مطابق چلنا چاہیے۔ میئر کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کو ہر حال میں پڑھائی جاری رکھنی چاہیے، اگر تعلیم کو چھوڑیں گے تو ہم پیچھے رہ جائیں گے ، ہمیں انھیں ساتھ چلانا ہے اور اس بھی بہت توجہ دینی ہے ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ہی نے ہمیں سوچنے پر مجور کیا کہ ہم تعلیمی سرگرمیاں کیسے جاری رکھ سکتے ہیں اور اسی لیے دوبارہ آن لائن کلاسز کا فیصلہ کیا، ایرک ایڈمز نے مزید کہا کہ آن لائن کلاسز کچھ وقت کے لیے ہے اور یہ اس لیے تاکہ سب کچھ بہتری کے ساتھ جاری رہے ۔اس موقع پر اسکولوں کے چانسلر ڈیوڈ بنکس کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت منصوبہ بندی کی تھی اور اس میں مزید بہتری کے لیے بھی نظرِ ثانی کر رہے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ آن لائن کلاسز کے لیے آئی بی ایم کمپنی مکمل طور پر تیار نہیں تھی اس لیے بچوں اور ان کے والدین کو لاگ ان ہونے میں مسائل کا سامنا رہا۔