سعودی عرب:کسی بھی جرم کی ویڈیو یا تصویر وائرل کرنے والے ہوشیار
سعودی عرب میں سائبر کرائم سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں، عوام کو اس حوالے سے محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی مجرمانہ فعل کی تصویر کشی کرنے کے بعد اسے وائرل کرنا سائبر کرائم ہے۔سعودی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کرنل الشلھوب نے سائبر کرائم کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے ضروری ہے کہ انہیں عام نہ کیا جائے۔طلال الشلھوب نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح و تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ جرائم کا خاتمہ مل کر کیا جائے۔ اگر کوئی شخص کسی بھی مجرمانہ کارروائی کی عکس بندی کرتا ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اس کی اطلاع متعلقہ قانونی ادارے کو فراہم کرے۔شاہراہوں اور مارکیٹوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرہ ریکارڈنگ کے بارے میں کرنل الشلھوب کا کہنا تھا کہ ان کی ریکارڈنگ کو عام کرنا بھی قانونی طور پر سائبر کرائم میں شامل ہے جس پر باقاعدہ سزا دی جاتی ہے۔سعودی عرب میں سائبر کرائم کا ادارہ کافی فعال اور چوکس ہے، اس حوالے سے ادارے کو موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔