نمیبیا کے صدر 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
نمیبیا کے صدر ہیج گینگوب 82 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئے انھیں 3 ہفتے قبل ہی کینسر کا مرض تشخیص ہوا تھا۔نمیبیا کے قائم مقام صدر ننگولو ایمبومبا نے بتایا کہ کینسر سے نبرد آزما صدر ہیج گینگوب اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ ہار گئے۔صدر کے انتقال کے وقت ان کی اہلیہ اور بچے بھی دارالحکومت ونڈہوک کے لیڈی پوہامبا اسپتال میں موجود تھے۔ انھیں بڑی آنت کا کینسر تھا اور 6 ہفتے قبل ہی علاج کے لیے قائم مقام صدر کی تعیناتی کی تھی۔اُس وقت یہ بھی کہا گیا تھا کہ صدر ہیج گینگوب علاج معالجے کے لیے امریکا جائیں گے اور 2 فروری کو نمیبیا واپس آئیں گے۔ہیج جینگوب نے 12 سال وزیر اعظم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور 9 سال سے ملک کے صدر تھے۔ ان کی صحت کے مسائل کا آغاز نمیبیا کے صدر بننے کے بعد سے ہوا تھا۔2013 میں ان کے دماغ کی سرجری ہوئی اور اگلے ہی برس وہ پروسٹیٹ کینسر سے زندگی کی جنگ جیت گئے تھے جب کہ گزشتہ برس جنوبی افریقا میں ان کی شہ رگ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔