vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں گلگت بلتستان کا کلچرل فیسٹیول

0

ثقافتی گیتوں پر رقص، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑےاور ایوارڈز کی تقسیم۔۔۔

نیویارک : سوہنی  وطن گلگت بلتستان نے نیویارک کے علاقے کوئنز میں سجایا سالانہ کلچرل فیسٹول جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔کلچرل فیسٹول میں نہ صرف گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افراد اورپاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تلاوتِ کلام ِ پاک سے تقریب کے آغاز کے بعد امریکی اور پاکستانی قومی ترانے بجائے گئے۔تقریب کی نظامت سوہنی وطن گلگت بلتستان کے رہنما نور پامیری کر رہے تھےانھوں نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ شرکاء سے ان کی آمد پر خیر مقدم کیا اور ساتھ ہی ساتھ گلگت بلتستان اور کیلاش کی تہذیب و ثقافت سے مختصر خلاصہ پیش کیا۔اس موقع پرسوہنی وطن گلگت بلتستان کے چیئرمین نسیم گلگتی  نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان  کے  نوجوان ہوں یا مرد و خواتین انھوں نے ہمیشہ  پاکستان کی عزت اور وقار کو مقدم رکھا اور دنیا میں ہر جگہ اپنے طن ِ عزیز کا نام روشن کیا ہے ۔کلچرل فیسٹول میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی،  گلگت  بلتستان  میں وزیر برائے منصوبہ بندی و  ترقی راجہ ناصر علی  نے خصوصی شرکت کی۔شرکاء سے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد  نے  سوہنی وطن  گلگت بلتستان کی  اپنی کمیونٹی اور  پاکستان  کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ   گلگت بلتستان کی کمیونٹی نے ہمیشہ پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیر راجہ ناصر علی نے نسیم گلگتی اور ان کی تنظیم کی کمیونٹی خدمات کی ستائش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نسیم گلگت بلتستان اور پاکستان کے سفیرکا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کلچرل فیسٹول کے شرکاء کو گلگت بلتستان کی خوبصورتی، سیاحتی مقامات، وہاں کی تہذیب و ثقافت سے روشناس کروانے کے لیے مختصر دورانیے پر مبنی ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔شرکاء کا لہو گرمانے کے لیے کیلاش قبیلے کے نوجوانوں  نے اپنے منفرد انداز میں ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب میں شریک   کیلاش کمیونٹی کی رہنما لکشن  بی بی نے  تقریب کے منتظمین کو کلچرل فیسٹول کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔شرکا  سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور کیلاش کمیونٹی کے لوگ پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں۔اس سال پاکستان  ڈے پریڈ میں ہم سب شریک ہوں گے۔نیویارک سٹی میں ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین  بھی تقریب میں شریک ہوئے اور پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز کی بھی نمائندگی کی۔ حاضرین سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اگر دنیامیں رہتے ہوئے  کوئی جنت کو دیکھنے کا خواہش مند ہو تو  اسے کم از کم  ایک بار گلگت بلتستان ضرور جانا چاہیے۔تقریب کے منتظمین نے   قونصل جنرل اور دیگر شخصیات کو گلگت بلتستان کی مشہور اور روایتی و ثقافتی ٹوپی پہنائی۔اس موقع پر کاشف حسین نے  اپنا کمیونٹی  سینٹر کے چیئرمین پرویز صدیقی،، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ارم حنیف کو پبلک ایڈووکیٹ جمانی ولیمز کی  طرف سے تعریفی سند پیش کی جبکہ کمیونٹی کی دیگر سماجی و کاروباری شخصیات کو  اسمبلی وومن جینفر راج کمار کی طرف سے تعریفی اسناد سے نواز ا گیا۔اس موقع پر گلگت بلتستان  کے نوجوانوں نے اپنا روایتی اور ثقافتی رقص  کا شاندار مظاہرہ کرکے تقریب کی رونق کو چار چاند لگادیے ۔

کلچرل فیسٹول میں خواتین بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں۔ جی بی کمیونٹی  سے تعلق رکھنے والی خاتون یاسمین نے پاکستان سے اپنی محبت کے اظہار میں خوبصورت ملی نغمہ  پیش کیا۔اس  موقع پر ذہنی آزمائش پر مبنی کوئز پروگرام کا سیشن ہوا جس میںخواتین نے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔کلچرل فیسٹول میں پاکستان  سے آئے ہوئے مختلف ٹور آپریٹرز ، کیلاش کمیونٹی کی لکشن بی بی، ڈاکٹر مظفر شاہ، اے پیگ کے صدر علی رشید،  سعید حسن اور دیگر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئیں۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی رشید کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے والی ہر کمیونٹی اور تنظیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔تقریب میں شریک ڈاکٹر حسن ڈوگر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے  اپنے طبی کیرئیر میں گلگت بلتستان  کے نوجوانوں کو ہمیشہ بہترین میڈیکل اسٹوڈنٹس اور ڈاکٹر بنتے دیکھا ہے ۔ا س  موقع پر منچلے نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے  ڈال کر پنجاب کی ثقافت کا مظاہرہ کیا جس میں سوہنی وطن گلگت بلتستان کے افراد بھی شریک ہوئے اور اپنے انداز  میں رقص کیا۔کلچرل  فیسٹول میں شریک پاکستانی کمیونٹی  کی سیاسی و سماجی شخصیت  ضمیر  چودھری اور سعید حسن نے تعریفی سندوصول کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا۔  ان کا کہنا تھا کہ  نیویارک میں بہت تقریبات ہوتی ہیں ان میں گلگت بلتستان کمیونٹی کے اس  فیسٹول کا سب کو  انتظار رہتا ہے، پاکستان میں سیاحت کے  بے پناہ مواقع ہے ، گلگت بلتستان کو ایک اگرمنی سوئٹرز لینڈ کہا جائے تو غلط نہ ہو۔اس موقع پر  اپنا کمیونٹی سینٹر کی سی ای او  ارم حنیف اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ وٹو   بھی موجود تھیں۔ حاضرین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  نسیم  گلگتی جس طرح سے گلگت بلتستان کی تہذیب و ثقافت جس طرح سے پروموٹ کر رہے ہیں  وہ سب کے لیے قابلِ  تقلید ہے۔ہم سب کو اپنے کلچرل کے فروغ کے لیے ذاتی حیثیت میں سفارتکار کا کردار ادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر ٹاؤن سپروائزر کی طرف سے سوہنی وطن گلگت بلتستان کے چیئر مین نسیم  گلگتی کی کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سند پیش کی گئی۔کلچرل فیسٹول کی شام مزید  خوبصورت اور یاد گار بنانے کے لیے معروف گلوکارہ صائمہ جہاں نے  اپنی  آواز کا جادو جگایا جس کےبعد یہ رنگا رنگ اپنے اختتام پر پہنچی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.