امریکا، صدر بائیڈن کی تقریر کے دوران فلسطین کے حق میں نعرے
امریکا میں انتخابی مہم کے دوران صدر جوبائیڈن کی تقریر کے بیچ میں فلسطین کے حق میں نعرے لگادیئے گئے۔امریکا میں صدارتی انتخابات کی سرگرمیاں جاری ہیں اور صدارتی امیدوار مختلف علاقوں میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ صدر جو بائیڈن بھی انتخابی مہم کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسی کڑی میں جو بائیڈن نے گزشتہ روز جنوبی کیرولائنا کا دورہ کیا۔غزہ پٹی میں نہتے مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے جس کو تین ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے۔فلسطینیوں کی حمایت کا ایک واقعہ صدر بائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران پیش آیا۔ جوبائیڈن جنوبی کیرولائنا میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک گرجا گھر میں تقریر کر رہے تھے کہ تقریر کے دوران ہی کچھ لوگوں نے فلسطینی کے حق اور حمایت میں نعرے لگانے شروع کردیئے اور جو بائیڈن دیکھتے رہ گئے۔جوبائیڈن سیاہ فام رائے دہندگان کے اجتماع سے گرجا گھر میں خطاب کررہے تھے، اسی موقع پر حاضرین میں سے کچھ افراد کھڑے ہوگئے فوری جنگ بندی کے نعرے لگائے۔ نعرے لگانے والے افراد کو انتظامیہ کے اہلکار گرجا گھر سے باہر لے گئے، اس کے بعد جو بائیڈن نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی۔