ایکواڈور بدنام زمانہ گینگ نے ٹی وی اسٹوڈیو پر دھاوا بول دیا
ایکواڈو میں سزا یافتہ بدنام زمانہ گینگ لیڈر کے اچانک جیل سے فرار ہونے اور صدر کی جانب سے ملک میں 60 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد گینگسٹرز نے ٹی وی اسٹوڈیو پر دھاوا بول دیا۔گینگسٹرز نے ٹی وی چینل کے اسٹوڈیو میں گھس کر صحافیوں اور عملے کے ارکان کو یرغمال بنا لیا، یونیورسٹی پر بھی حملہ کیا جبکہ جیل گارڈز کو بھی مبینہ طور پر قتل کرنے کی خبریں سامنے آرہی ہے۔گینگ کی جانب سے شہریوں کو اغوا کرنے کی بھی کوشش کی گئی، خطرناک گینگ سے نمٹنے اور صورت حال پر قابو پانے کے لیے ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا نے فوج سڑکوں پر طلب کرلی۔صدر ڈینیئل ایکواڈور کی تاریخ کے سب سے کم عمر صدر ہیں اور انہیں ابھی اپنے منصب کو سنبھالے دو ماہ سے کم عرصہ ہوا ہے۔گینگ کی جوابی مجرمانہ کارروائیاں بدنام زمانہ منشیات فروش گینگ کے سرغنہ جوز ایڈولفو کے جیل سے فرار کے بعد سامنے آئی ہیں جہاں وہ 34 سال کی سزا کاٹ رہا تھے، انہیں گویاکیل کی ایک جیل کے انتہائی سخت سکیورٹی والے حصے میں قید رکھا گیا تھا۔بدنام زمانہ گینگ لیڈر کے اچانک جیل سے غائب ہونے کے بعد ملک کی امن وامان کی صورتحال خراب ہوگئی۔یہ گینگ بنیادی طور پر منشیات کی اسمگلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہے اور اس کے میکسیکو کے طاقتور سینالووا کارٹیل کے ساتھ بھی تعلقات ہیں۔