حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پٹرول پمپ پر طویل قطاریں
بھارت میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کا اثر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی سامنے آنے لگا ہے، حیدرآباد کے کئی علاقوں میں پٹرول پمپ پر طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔عوام گاڑیوں میں پیٹرول اور ڈیزل بھروانے میں مصروف ہیں، کیونکہ ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والی گاڑیاں دو دن سے نہیں آرہی ہیں۔پٹرول پمپس میں تین دن قبل کا اسٹاک موجود تھا جو کسی بھی وقت ختم ہوجائے گا، دو دن گزرنے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے والا ایک بھی ٹرک نہیں پہنچا۔ جس کے باعث عوام کا ہجوم پیٹرول پمپس پر جمع ہوگیا ہے۔ممبئی میں عام طور پر روزانہ 1500 گاڑیوں کے ذریعے ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن آج پٹرول کا ایک ٹرک بھی ممبئی نہیں پہنچا ہے۔ مہاراشٹر کے کئی علاقوں بالخصوص ممبئی میں بھی پیر کی رات سے ہی پیٹرول پمپوں پر عوام کا جم غفیر موجود ہے۔پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے۔ حالانکہ آئل ٹرک ڈرائیور ہڑتال پر ہیں۔ جس کی وجہ سے شام تک ممبئی میں حالات مزید خرابی کی طرف جاسکتے ہیں۔پنجاب میں بھی کئی پٹرول پمپس اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوگئے ہیں، اسی طرح کی صورتحال ملک کی دیگر ریاستوں میں دیکھی جا رہی ہے۔