بیجنگ میں سردی کا 72 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دسمبر 1951 کے بعد رواں ماہ سب سے زیادہ دن میں درجہ حرارت صفر سے نیچے رہنے کا ریکارڈ بن گیا ہے۔بیجنگ میں 11 دسمبر سے اب تک 300 گھنٹے سے زیادہ درجہ حرارت منجمد سے کم ریکارڈ کیا گیاہے، جو 1951 میں ریکارڈ قائم ہونے کے بعد سے اس مہینے میں سب سے زیادہ ہے۔ اس عرصے میں دارالحکومت میں مسلسل نو دن درجہ حرارت منفی 10 سینٹی گریڈ (14 فارن ہائیٹ) سے نیچے رہا۔ملک کے شمالی اور شمال مشرقی حصوں میں گزشتہ ہفتے سے ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، شمال مشرق کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 40 سینٹی گریڈ (منفی 40 فارن ہائیٹ) اور اس سے بھی نیچے تک جا پہنچا ہے۔چین کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتے کے اختتام پر وسطی صوبے ہینان کے کئی دیگر علاقوں میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے تک وسطی اور مشرقی چین کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں کسی حد تک اضافہ ہوا تھا جبکہ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ کا اضافہ ہوا تھا۔