موسمیاتی تبدیلیوں کے حل کے حوالے سے سرمایہ کاری میں 24.7فیصد اضافے کا اعلان
کمپٹرولر نیویارک بریڈ لینڈر اور پنشن ٹرسٹیز نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حل کے حوالے سے سرمایہ کاری میں چوبیس اعشاریہ سات فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ جس کے بعدجون 2023ء کے آخر تک سرمایہ کاری دس اعشاریہ پانچ بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔نیویارک سٹی کمپٹرولر بریڈ لینڈر اور نیو یارک سٹی ریٹائرمنٹ سسٹمز کے ٹرسٹیز نے حالیہ مالی سال میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حل کی سرمایہ کاری میں چوبیس اعشارئیہ سات فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جون 2023 ءکے آخر تک اجتماعی پورٹ فولیو اب دس اعشاریہ پانچ بلین ڈالر پر آگیا ہے ۔ نیویارک سٹی کمپٹرولر بریڈ لینڈر نے کہا ہے کہ ہم طویل المدتی مستقبل کی حفاظت کیلئے ضروری پیمانے پر اپنی آب و ہوا کے حل کی سرمایہ کاری کو بڑھاتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ترقی پذیر معیشت کے تحفظ کیلئے جیواشم ایندھن کے فیز آؤٹ اور قابل تجدید توانائی اور جدید موسمیاتی حل میں بڑے پیمانے پر نئی سرمایہ کاری کیلئے اجتماعی عالمی عزم کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملک 2040 تک خالص صفر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو حاصل کرے گا۔خیال رہے کہ نیو یارک سٹی ریٹائرمنٹ سسٹمز کے پورٹ فولیو میں آب و ہوا کے حل میں ایسی کمپنیوں میں سرمایہ کاری شامل ہے جو آب و ہوا میں تخفیف، موافقت، اور لچکدار سرگرمیوں سے آمدنی حاصل کرتی ہیں، جیسے قابل تجدید توانائی، توانائی کی کارکردگی، آلودگی سے بچاؤ اور کم کاربن والی عمارتیں شامل ہیں۔ سسٹمز کے پورٹ فولیوز میں موسمیاتی حل کی سرمایہ کاری گزشتہ کئی سالوں میں مسلسل اور تیز رفتاری سے بڑھی ہے، جو کہ 2018 کے بعد سے پانچ گنا زائد ہے۔