بھارت میں جمہوریت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار مودی ہے۔کانگریسی لیڈر
کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے 141 اپوزیشن اراکین کی معطلی نے ثابت کر دیا ہے کہ مودی حکومت جمہوریت کو تباہ کر کے زور زبردستی کے راستے پر چل رہی ہے۔پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے مسئلہ پر ہنگامہ کرنے پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 141 ارکان کی معطلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت آمریت اور زور زبردستی کے راستے پر چل رہی ہے اور جمہوریت کاان کے لئے کوئی مطلب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کل 141 اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کی معطلی ہمارے اس الزام کو تقویت دیتی ہے کہ آمرانہ بی جے پی ملک میں جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ حکومت فوجداری قانون میں ترمیم جیسے بڑے بل لے کر آئی ہے جس میں اختیارات کے سخت استعمال اور شہریوں کے حقوق میں مداخلت کا التزام کیا گیا ہے ۔ مودی حکومت اپوزیشن کی بات نہیں سننا چاہتی، اس لیے وہ ان بلوں پر بحث و مباحثہ میں شامل ہونے سے اپوزیشن کے ارکان کو معطل کرکے روک رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جمہوریت کو تباہ کرنے کے لیے پارلیمنٹ معطل ، باہر کردو اور بلڈوز کی پالیسی اپنا رہی ہے۔ پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے سنگین مسئلہ پروزیر داخلہ امت شاہ پارلیمنٹ میں بیان دینے اور اس پر تفصیلی بحث کرنے کی اپوزیشن کی مانگ بھلے ہی نہ مانے لیکن اپوزیشن کے یہ مطالبات کم نہیں ہوں گے۔