بنگلا دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں دوران امتحان مدد نہ کرنے پر طیش میں آکر ایک طالبعلم نے اپنے ہم جماعت کی جان لے لی۔ایک آٹھویں جماعت کے طالب علم کو بڈہ علاقے میں ایک سینئر طالب علم نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کرقتل کر دیا ۔مرنے والے کی شناخت 16 سالہ سلمان خان کے طور پر کی گئی ہے جو شمالی بڈہ کے موئنارباغ کے علاقے میں بڈہ انٹرنیشنل اسکول اینڈ کالج میں آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔بڈہ پولیس سٹیشن کے افسر انچارج کے مطابق مقتول نے فائنل امتحان میں ٹیسٹ کے دوران مبینہ طور پر سکول کے نویں جماعت کے طالب علم کو پریشان کیا تھا ۔اس واقعہ کے بعد طالب علم نے سلمان کو موئنارباغ کے نزدیک بلا کر لوہے کی سلاخ سے سر پر متعدد وار کئے۔سلمان کو ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔حملہ آور طالب علم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔